نوم پنہ (شِنہوا)کمبوڈیا کے سیہانوک ویل خصوصی اقتصادی زون کی درآمدات و برآمدات کی مالیت 2023 میں 3.36 ارب ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ برس کی نسبت 34.8 فیصد زائد ہے۔
چینی اور کمبوڈین سرمایہ کاروں کے مشترکہ طور پر شروع کردہ یہ خصوصی اقتصادی خطہ، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔
زون کے منتظم کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق سیہانوک ویل خصوصی اقتصادی زون کا تجارتی حجم کمبوڈیا کے کل تجارتی حجم کے تقریباً 7.18 فیصد کے مساوی ہے۔
یہ اقتصادی زون تقریباً 11 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے جس میں مجموعی طور پر 2.27 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی گئی ہے، یہاں چین ، یورپ ، امریکہ ، جنوب مشرقی ایشیا اور دیگر ممالک اور خطوں سے مجموعی طور پر 180 کاروباری ادارے کام کررہے ہیں جس سے مقامی افراد کے لئے تقریباً 30 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں۔
سینئروزیر اور ایشین ویژن انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سوک سیپانا نے کہا کہ سیہانوک ویل خصوصی اقتصادی زون نے بی آر آئی کے دیگر بڑے منصوبوں سے ملکر کمبوڈیا کی اقتصادی ترقی اور رابطے کو نمایاں طریقے سے فروغ دیا ہے۔
شِںہوا کے ساتھ ایک حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سیہانوک ویل خصوصی اقتصادی خطہ جیسے متعدد صنعتی پارکس کی تعمیر، کار ٹائر اور سیمنٹ پلانٹس میں سرمایہ کاری بڑھانے اور پیداوار میں توسیع سے کمبوڈیا میں صنعتتوں کی صورتحال بہتر ہوئی ہے جس سے بڑی تعداد میں ملازمتوں کے ساتھ ساتھ ٹیکس آمدن بھی ہوئی ہے۔