پنوم پن(شِنہوا)کمبوڈیا میں آزمائشی طور پر کھولی جانیوالی ایکسپریس وے پر ابتدائی 9 دنوں کے دوران1 لاکھ سے زائد گاڑیاں سفر کر چکی ہیں۔
فری وے آپریٹر کمبوڈین پی پی ایس ایچ وی ایکسپریس وے کمپنی کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق یکم سے 9 اکتوبر تک پنوم پن ۔ سیہانوک ویل ایکسپریس وے پرٹریفک کا مجموعی حجم 1 لاکھ 18 ہزار 376 رہا ہے۔ اوسطاً یومیہ 13 ہزار 153 گاڑیاں اس پر سفر کر رہی ہیں۔
اعدادوشمار سے پتہ چلتا ہے کہ اتوار کے روز 8 اسٹیشنوں سے داخل و خارج ہونیوالی تقریباً 21 ہزار 707 گاڑیوں نے 187 کلومیٹر کی فری وے پر سفر کیا۔
چینی سرمایہ کاری سے3 سال سے زائد عرصہ میں تعمیر ہونیوالی پنوم پن ۔ سیہانوک ایکسپریس وے کو آزمائشی طور پر بغیر فیس یکم اکتوبر سے ایک ماہ تک عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
وزارت پبلک ورکس و ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ ٹریفک کا بڑھتا ہوا حجم یہ ثابت کرتا ہے کہ ایکسپریس وے واقعی ایک ممکنہ اقتصادی راستہ ہے۔
چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن کی سرمایہ کاری سے بنائی گئی ایکسپریس وے دارالحکومت پنوم پن اور گہرے سمندر سے جڑے ساحلی صوبے پریہ سیہانوک کو آپس میں ملاتی ہے۔