پنوم پن (شِنہوا) کمبوڈیا میں چینی سیاحوں کی تعداد میں رواں سال کے پہلے چھ ماہ کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 45.2 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
کمبوڈیا کی وزارت سیاحت کی جانب سے منگل کو جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال جنوری سے جون تک ملک میں آنے والے چینی سیاحوں کی تعداد3لاکھ 89ہزار360 رہی،جو گزشتہ سال کی اسی مدت کی تعداد2لاکھ 68ہزار130کے مقابلے میں 45.2 فیصد زیادہ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران کمبوڈیا میں آنے والے 31لاکھ 60ہزارغیر ملکی سیاحوں میں 12.3فیصد چینی سیاح تھے جو تھائی لینڈ اور ویتنام کے بعد غیرملکی سیاحوں کی تیسری بڑی تعداد ہے۔
کمبوڈیا کی وزارت سیاحت کے سیکرٹری آف اسٹیٹ اور ترجمان ٹاپ سوفیک نے اس یقین کااظہار کیا ہے کہ چینی سرمایہ کاری سے سیم ریپ انگکور بین الاقوامی ہوائی اڈے اورکمبوڈیا-چین عوامی تبادلوں کے سال 2024 سے زیادہ سے زیادہ چینی سیاح ملک میں آئیں گے۔
شِنہوا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مزید چینی سیاحوں کی اپنے ملک آمد کے خواہشمند ہیں کیونکہ چینی سیاحوں نے ہماری اقتصادی ترقی اور سیاحت کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔