کن منگ (شِنہوا) چین میں لوگوں نے چینی نئے سال کا استقبال کرنے کے لئے نئی اشیاء خریدنے کی روایت برقرار رکھی ہے اس دوران خریداری کے دلدادہ افراد میں بیرونی ممالک سے آنے والی اشیاء کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
چین کے جنوب مغربی صوبے یوننان کے شہر کن منگ میں موسم بہار کی تعطیلات سے قبل ایشیا، افریقہ اور یورپ کے مختلف قسم کے سامان پر مشتمل 16 روزہ خریداری میلہ منعقد کیا گیا۔
وانگ یا جوآن کو اپنے گھر کے لیے نئے فرنیچر کی تلاش تھی اور اب وہ بہت خوش ہیں کیونکہ انہیں میلے میں پاکستان سے آیا ہاتھ سے تیار کردہ گلاب کی لکڑی کے شاندار فرنیچر کا ایک سیٹ پسند آگیا ہے۔
انہوں نے چار کرسیاں اور کافی میز خریدنے کے بعد کہا کہ مجھے اس کا چمکدار رنگ پسند آیا ہے اس طرح کا فرنیچر اس سے قبل کبھی نہیں دیکھا تھا۔
پاکستانی فروخت کنندہ ابرار نے بتایا کہ انہوں نے پہلی بار کن منگ میں ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات فروخت کیں۔ یہ جان کر مجھے خوشگوار حیرت ہوئی کہ کئی چینی لوگ واقعی ہماری پاکستانی دستکاری میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
ابرار گوانگ ژو اور ہانگ کانگ سمیت دیگر چینی شہروں میں کاروباری مواقع تلاش کرنے کے بارے میں پرامید ہیں۔
میلے میں بنگلہ دیشی تاجر راشد کا کاروبار بھی تیزی سے بڑھا ہے جن کے ہاتھ سے بنے بٹوے اور بیلٹ میلے کا دورہ کرنے والوں میں بہت مقبول رہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ چینی لوگ موسم بہار تہوار سے قبل ہمیشہ نئے کپڑے خریدتے ہیں اس لیے میں یہاں آیا اور میں نتائج سے بہت مطمئن ہوں۔