رم اللہ(شِنہوا)مغربی کنارے کے شمالی علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ تصادم کے دوران ایک فلسطینی جاں بحق اور 4 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت نے پیر کے روز ایک بیان میں بتایا کہ جنین کے ایک پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے پیٹ میں گولی لگنےکے باعث ایک فلسطینی شخص جاں بحق ہو گیا ہے۔
عینی شاہدین اور مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کے ایک یونٹ نے بکتر بند گاڑیوں کی مدد سے مشتبہ فلسطینی افراد کو پکڑنے کیلئے پناہ گزین کیمپ پر دھاوا بولا جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فوج نے جنین میں اسرائیلی فوجیوں پر گولی چلانے میں ملوث ہونے کے الزام میں اسرائیل کو مطلوب ایک فلسطینی کو گرفتار کر لیا ہے۔
جنین کے فلسطینی گورنر اکرام رجب نے شنہوا کو بتایا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر جنین میں چھاپوں اور فلسطینیوں ، ان کے گھروں و املاک کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کیلئے مداخلت کرے۔