رباط (شِنہوا) مراکش میں شدید زلزلے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ہزار 37 ہوگئی ہے ۔
مراکش کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ جمعہ کی شب آ نے والے زلزلے سے کم از کم 1 ہزار 204 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مراکش، جنوبی شہر مراکیش میں ایک شخص اپنے گھر کے سامنے افسردہ بیٹھا ہے۔ (شِنہوا)
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مراکش میں زلزلے کے جھٹکے مقامی وقت کے مطابق جمعہ کی شب 11 بجکر 11 منٹ ( پا کستانی وقت کے مطا بق ہفتے کے روز قبل از سحر 3 بجکر 11 منٹ) پر محسوس کئے گئے جن کی گہرائی 18.5 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز مراکیش سے 70 کلومیٹر جنوب مغرب میں صوبہ الحوز کے قصبے اغیل کے قریب تھا۔
مراکش کے مختلف شہروں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جن میں رباط اور کاسابلانکا بھی شامل ہیں ۔ مقامی میڈیا کے مطابق ترودانت اور مراکیش شہروں میں کئی مکانات منہدم ہوگئے۔
مراکیش میں مقیم ایک چینی شہری ژانگ کائی نے بتایا کہ زلزلے سے پرانے شہر مراکش میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا اور متعدد رہائشیوں نے ممکنہ آفٹر شاکس کے خوف سے کھلی جگہ پر رات بسر کی۔
مراکش، جنوبی شہر مراکیش میں 6.8 شدت کے زلزلے کے بعد ایک تباہ شدہ گاڑی دیکھی جاسکتی ہے۔ (شِنہوا)
شِںہوا کے نامہ نگاروں کے مطابق جنوب مشرق میں تقریباً 190 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اورزازاتے میں زلزلے کے بعد رہائشیوں نے کھلی جگہ پر پناہ لی تھی۔
اورزازات کے ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس سے قبل بھی زلزلے آچکے ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی اس سے زیادہ طاقتور نہیں تھا۔
اورزازات سے مرکز کی سمت جانے والے راستے پر پہاڑوں اور عمارتوں کا ملبہ سڑک کے کنارے بکھرا ہوا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کے لئے امدادی کارکنوں کو بھیجا گیا۔