بیجنگ (شِنہوا) چین کے وزیراعظم لی چھیانگ نے ملک کے نئے ترقیاتی نمونے اور اعلیٰ معیار کی ترقی میں مؤثر تعاون کے لئے ایک مشترکہ قومی مارکیٹ کے قیام میں نئی پیشرفت اور کامیابیوں پر زوردیا ہے۔
وزیر اعظم نے یہ بات ریاستی کونسل یا کابینہ کے اس موضوع پر مبنی مطالعاتی اجلاس کی صدارت کرتےہوئے کہی۔
وزیراعظم لی نے کہا کہ ایک مشترکہ قومی مارکیٹ کے قیام میں پیشرفت کے لئے ضروری ہے کہ چین کے فوائد سے بھرپور استفادہ کیا جائے جس میں انتہائی وسیع منڈی ، پیداواری عوامل کی فراوانی اور مکمل صنعتی نظام کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں میں حائل اہم رکاوٹیں دور کرنا شامل ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایسی پالیسیوں اور قواعد و ضوابط کو واضح کرنا بھی ضروری ہے جو ایک مربوط مارکیٹ اور منصفانہ مسابقت میں رکاوٹ ہیں۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ تک رسائی کی راہ میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کی بڑی کوششیں کرنے سمیت مقامی سطح پر تحفظ کے طریقوں، مارکیٹ کی تقسیم اور سرمایہ کاری کے فروغ میں افراتفری جیسے اہم مسائل سے نمٹنا چاہئے۔
چینی وزیراعظم لی نے حقوقِ دانش کے تحفظ، مارکیٹ تک رسائی، منصفانہ مسابقت اور سماجی قرض کی بنیادی حکمت عملی اور قواعد میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ایک مشترکہ قومی مارکیٹ کے قیام کے بارے میں لائحہ عمل میں معاون پالیسیاں بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔