بیجنگ (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ ان کا ملک اعلیٰ سطح کے مشترکہ مستقبل پر مبنی چین۔ عرب کمیونٹی قائم کرنے کے لئے عرب ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے۔
یہ بات صدر شی نے بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے نام ایک مبارکباد کے پیغام میں کہی جنہوں نے بحرین میں عرب لیگ کے 33 ویں سربراہ اجلاس پر نئے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔
انہوں نے کہا کہ عرب لیگ عرصہ دراز سے عرب دنیا میں اتحاد ، خود کو مضبوط بنانے اور مشرق وسطیٰ میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
صدر شی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دنیا، وقت اور تاریخ میں تبدیلیوں کا سامنا کرتے ہوئے عرب ممالک نے آزادی کو برقرار رکھا، ترقی اور بحالی کو فروغ دیا ہے، عدل و انصاف کو برقرار رکھتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کا تحفظ کیا ۔ عرب ممالک "عالم جنوب " میں یکجہتی اور تعاون مضبوط بنانے اور اپنے مشترکہ مفادات برقرار رکھنے میں تیزی سے اہم کردار ادا کررہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ چین۔عرب تعلقات تاریخ کے بہترین دورمیں ہیں۔ دسمبر 2022 میں انہوں نے عرب ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ پہلے چین ۔عرب ریاست سربراہ اجلاس میں شرکت کی جس میں چین۔ عرب تعلقات میں پیشرفت کے لئے ایک جامع خاکہ تیار کیا اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین-عرب برادری کی تعمیر کے لئے ہر ممکن کوشش پر اتفاق ہوا۔
صدر شی نے کہا کہ ایک برس سے زائد عرصے سے چین اور عرب ممالک نے سیاسی باہمی اعتماد، متحرک عملی تعاون کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور عوامی سطح پر وسیع تبادلے کئے اور مختلف شعبوں میں ان کے تعاون سے حوصلہ افزاء نتائج ملے۔
انہوں نے کہا کہ چین مستقبل کے منظرنامے کو ذہن میں رکھتے ہوئے عرب ممالک کے ساتھ ملکر کام کرنے کو تیار ہے تاکہ چین عرب دوستی کا جذبے آگے بڑھا کر اعلیٰ سطح پر مشترکہ مستقبل کے ساتھ چین ۔عرب برادری قائم کی جاسکے اور بنی نوع انسان کے مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک برداری کے قیام میں اپنا کردار ادا کیا جا سکے۔
چینی صدر نے کہا کہ رواں ماہ کے آخر میں چین ۔ عرب ممالک تعاون فورم کا 10 واں وزارتی اجلاس بیجنگ میں ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین 10 ویں وزارتی اجلاس میں مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے مواقع تلاش کریں گے جس سے سب کی عوام کو بہتر فائدہ ہو گا۔