بیجنگ (شِنہوا) چینی صدر شی جن پھنگ نے متحدہ عرب امارات میں چینی زبان کی تعلیم کے "ہنڈرڈ اسکولز پروجیکٹ" کے طلباء نمائندوں کے خطوط کا جواب دیتے ہوئے انہیں زبان میں مہارت حاصل کرنے اور چین کو جاننے اور دونوں ممالک میں دوستی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دی ہے۔
صدر شی نے جوابی خط میں کہا ہے کہ انہوں نے ہر ایک خط پڑھا ہے۔ خط لکھنے کے انداز سے مجھے چینی ثقافت سے آپ کی محبت اور دونوں ممالک میں دوستی کے لیے آپ کی توقعات کا اندازہ ہوا۔
انہوں نے یاد دلایا کہ 5 برس قبل انہوں نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زید آل نھیان کے ساتھ مشترکہ طور پر متحدہ عرب امارات میں چینی زبان کی تعلیم کے "ہنڈریڈ اسکولز پروجیکٹ" کا آغاز کیا تھا۔
صدر شی کا کہنا تھا کہ اب انہیں یہ دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے کہ متحدہ عرب امارات میں چینی زبان سیکھنا ایک نیا رجحان بن چکا ہے اور چین ۔ امارات تبادلوں کے لئے آپ جیسے چھوٹے سفیروں کا ایک گروپ تیار ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے خطوط میں لکھا ہے کہ چین اورمتحدہ عرب امارات نے 40 برس قبل تعلقات قائم کئے تھے اور امید ہے کہ دونوں ممالک ہمیشہ اچھے دوست رہیں گے۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کیا کہ نوجوان چین اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستی کے مستقبل کے نمائندے ہیں۔ صدر شی نے طلباء کو پانڈے دیکھنے اور عظیم دیوارِچین پر چڑھنے کے لئے چین کا دورہ کرنے اور بڑے ہونے پر چینی جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے خوش آمدید کہا۔
چینی صدر نے امارات کے مزید نوجوانوں کو چینی زبان سیکھنے اور چین سے متعلق مزید جاننے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اور ان کے چینی ہم منصب ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کرسکتے اور سیکھ سکتے ہیں ان کے دلوں میں دوستی کے بیج بو سکتے ہیں اور چین ۔ امارات تعلقات کے بہتر مستقبل میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔