لاس اینجلس (شِنہوا) ناسا اور بوئنگ نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) کے لیے پہلے عملہ بردار اسٹار لائنر خلائی جہاز مشن کی روانگی منگل 21 مئی تک ملتوی کردی ہے۔
اس خلائی جہاز کو اس سے قبل 6 مئی کو امریکی ریاست فلوریڈا کے کیپ کیناویرل اسپیس فورس اسٹیشن سے یونائیٹڈ لانچ الائنس (یو ایل اے) اٹلس 5 راکٹ کے ذریعے خلا میں بھیجا جانا تھا۔
ادارے کے مطابق خلا میں روانگی تکنیکی مسائل کے سبب روکی گئی ہے۔
یو ایل اے ٹیم نے 11 مئی کو اٹلس 5 راکٹ کے سینٹور کے بالائی حصے پر مائع آکسیجن ٹینک پر پریشرریگولیشن والو کو کامیابی کے ساتھ تبدیل کردیا تھا۔ ناسا کے مطابق ٹیم نے دوبارہ پریشر بڑھانے اور نظام کی صفائی کا کام کیا اس کے علاوہ نئے والو کا تجربہ بھی کیا گیا جو اب معمول کے مطابق کام کررہا ہے۔
اسٹارلائنر کی ٹیمیں خلائی جہاز کے سروس ماڈیول میں موجود ہیلیئم کے ایک چھوٹے سے رساؤ کو حل کرنے پر کام کر رہی ہیں جس کا پتہ سنگل ری ایکشن کنٹرول سسٹم تھرسٹر پر موجود ایک فلینج سے لگا تھا۔ ہیلیئم خلائی جہاز کے تھرسٹر سسٹم میں استعمال کیا جاتا ہے تاکہ تھرسٹرز سے شعلہ نکل سکے تاہم یہ آتش گیر یا زہریلا نہیں ہوتا۔
ناسا اور بوئنگ خلائی جہاز کی جانچ اور آپریشنل حل کو دیکھ رہے ہیں تاکہ اس مسئلہ کو حل کیا جاسکے۔
اس پرواز کے ذریعے ناسا کے خلاباز بوچ ولمور اور سنی ولیمز آئی ایس ایس جائیں گے۔ یہ دونوں بوئنگ کے اسٹار لائنر کے تجارتی عملہ پروگرام کا حصہ بن کر خلائی اسٹیشن جانے والی پہلی جوڑی ہے۔
ناسا کے مطابق خلاباز زمین پر واپسی سے قبل مدار میں موجود لیبارٹری میں تقریباً ایک ہفتہ گزاریں گے اور امریکہ کے جنوب مغربی علاقے میں پیراشوٹ اور ایئر بیگ کی مدد سے لینڈنگ کریں گے۔