بیجنگ (شِنہوا) چائنہ سیکیورٹیز ریگولیٹری کمیشن نے کہا کہ وہ شنگھائی ، شن ژن اسٹاک ایکسچینجز اور چائنہ فنانشل فیوچرز ایکسچینج کو غیر معمولی لین دین کی نگرانی کا معیار مستحکم کرنے میں رہنمائی فراہم کرے گا اور مارکیٹ میں ہیرا پھیری اور انسائڈر ٹریڈنگ جیسی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف قوانین اور ضابطوں کے تحت کارروائی کرے گا۔
چائنہ سیکیورٹیزریگولیٹری کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا کہ یہ کوششیں مارکیٹ کے معمول کے تجارتی طریقوں کو برقرار رکھنے کے لئے کی جا رہی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ریگولیٹر حکام عمومی طور پر لین دین میں مداخلت نہیں کرتے ہیں اور وہ قانون کے تحت منصفانہ اور آزاد لین دین میں سرمایہ کاروں کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں تاہم مارکیٹ ٹریڈنگ نظم ونسق میں خلل ڈالنے والی غیر قانونی سرگرمیوں سے قوانین اور ضوابط کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
بیان کے مطابق حال ہی میں شنگھائی اور شن ژن اسٹاک ایکسچینجز نے قواعد و ضوابط کے تحت ایک کمپنی کے غیرمعمولی تجارتی رویے کے خلاف کارروائی کی ہے۔
چائنہ سیکیورٹیزریگولیٹری کمیشن نے بیان میں کہا ہے کہ وہ شیئرز کی فروخت تک محدود نہیں بلکہ ان کی تجارتی نگرانی کی ذمہ داریوں کو بھی پورا کررہا ہے۔
شنگھائی اور شن ژن اسٹاک ایکسچینجز نے 19 فروری کو الگ الگ بیانات میں کہا تھا کہ ایک سرمایہ کار کمپنی لنگ جون نے منظم مارکیٹ ٹریڈنگ میں رکاوٹ پیدا کی ہے۔
ایکسچینجز نے کمپنی کے لئے جرمانے کا بھی اعلان کیا جس میں ناپسندیدگی اور 3 دن تک ٹریڈنگ پر پابندی بھی شامل ہے۔