• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 29th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

نیتن یاہو اور بائیڈن کے درمیان یرغمالیوں اور غزہ کی امداد پر بات چیتتازترین

February 12, 2024

یروشلم (شِنہوا) اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر جو بائیڈن نے ٹیلی فون پر غزہ میں قید یرغمالیوں کی رہائی کے لیے جاری کوششوں اور فلسطینی علاقے میں مزید امداد فراہم کرنے کی سہولت پر تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیلی حکومت کے ایک عہدیدار نے شِںہوا کو بتایا کہ بات چیت یرغمالیوں پر مرکوز تھی جن میں سے تقریباً  100 غزہ میں موجود ہیں  جو 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملے کے دوران اغوا ہوئے تھے۔

دونوں رہنماؤں نے غزہ کے انتہائی جنوبی شہر رفح میں اسرائیل کے اعلان کردہ زمینی حملے کے منصوبے اور غزہ میں مزید امداد میں سہولت فراہم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وائٹ ہاؤس کے جاری کردہ  بیان کے مطابق بائیڈن نے نیتن یاہو سے کہا کہ اسرائیل کو رفح میں پناہ گزین 10 لاکھ افراد کی حفاظت یقینی بنائے بغیر ایسی فوجی مہم نہیں چلانی چاہیے۔

بیان کے مطابق بائیڈن نے حماس کو شکست دینے کے مشترکہ مقصد کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غزہ میں شہریوں کے لیے انسانی امداد میں اضافے کے لیے فوری اقدامات پر بھی زور دیا۔

بائیڈن نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کی فوجی مہم کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا، اس کے یہ بعد پہلا موقع ہے جب دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو ہوئی۔

غزہ میں قائم وزارت صحت کے مطابق غزہ کی پٹی میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 28 ہزار 176 ہوچکی ہے جبکہ 67 ہزار 784 افراد زخمی ہوئے ہیں۔