کینبرا(شِنہوا) آسٹریلیا نے اسرائیل کو خبردار کیا ہےکہ غزہ کے جنوبی شہر رفح میں بڑے زمینی حملے کے تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ پینی وونگ نے سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں کہا کہ وفاقی حکومت نے رفح میں فوجی کارروائی میں توسیع اور جنگ بندی معاہدے کی حمایت سے متعلق اسرائیل کو اپنے مؤقف سے آگاہ کردیا ہے۔
پینی وونگ نے کہا کہ غزہ کی 23 لاکھ آبادی میں سے نصف سے زیادہ نے رفح میں پناہ لی ہوئی ہے۔
توسیع شدہ فوجی آپریشن سے فلسطینی شہریوں پر مرتب اثرات تباہ کن ہوں گے۔
اسرائیل کی دفاعی افواج نے پیر کو مشرقی رفح میں حماس کے جنگجوؤں اور ان کی تنظیم کے خاتمے کے لئے محدود آپریشن سے قبل ہزاروں شہریوں کو نقل مکانی کا حکم دیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے مصری سرحد سے متصل رفح کے فلسیطین پر قبضے سے پہلے سے ہی سنگین انسانی صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔
عالمی ادارہ صحت نے 3 مئی کو جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ رفح میں بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن خونریزی کا باعث بن سکتا ہے جس پر اسے شدید تشویش ہے۔
پینی وونگ نے کہاکہ آسٹریلیا نے انسانی ہمدردی کی بنیادپر جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ یرغمالیوں کو رہا کیا جا سکے اور بلا روک ٹوک امداد کی فراہمی ممکن ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلوی حکومت قطر، مصر اور امریکہ کے معاہدے سے متعلق کوششوں کی حمایت کرتی ہے۔