بارسلونا (شِنہوا) چینی قمری نئے سال ڈریگن کے آغاز پر نہ صرف یورپ بھر میں جشن کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا بلکہ اس دوران چین کے ساتھ قریبی فضائی رابطے بھی شروع ہوئے ہیں جو معاشی بحالی کی علامت ہے۔
ایئر چائنہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 31 مارچ سے بارسلونا اور بیجنگ کے درمیان روزمرہ پروازیں شروع کرے گی۔ فضائی کمپنی نے کویڈ 19 وبائی مرض کے سبب 3 برس کے بعد جون 2023 سے بارسلونا کے لیے ہفتہ وار 3 پروازوں شروع کی تھیں۔
ایئر چائنہ کے لئے ہسپانوی نمائندے مارٹا آرٹیز نے کہا کہ کمپنی نے بڑی تبدیلی دیکھی ہے اور اگلے چند ماہ میں بہتر امکانات متوقع ہیں۔
مارٹا آرٹیز نے کہا کہ ہسپانوی پاسپورٹ رکھنے والوں کو چین کے مختصر سفر کے لئے ویزا سے استثنیٰ حاصل ہے۔ چین کے نئے اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان پروازوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
ایئر چائنہ پہلے ہی میڈرڈ کے ہوائی اڈے سے بیجنگ کے لئے روزمرہ بنیادوں پر پروازیں جبکہ ہائی نان ایئر لائنز چھونگ چھنگ کے لئے ہفتہ وار 2 پروازیں اور چائنہ ایسٹرن ایئر لائنز شنگھائی اور وین ژو دونوں کے لئے ہفتہ وار 5 پروازیں چلارہی ہیں۔
ادھرفضائی کمپنی کیتھی پیسیفک ہانگ کانگ کے لئے براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز جون سے کرے گی۔ بارسلونا اور ہانگ کانگ کے درمیان پہلی براہ راست پروازیں 2017 میں شروع ہوئی تھیں جو وبائی مرض کی وجہ سے معطل کردی گئیں۔
ہانگ کانگ کے ساتھ فضائی رابطے 17 جون سے بحال ہوں گے اور پیر ، جمعرات اور ہفتہ کو پروازیں چلائی جائیں گی۔
کیتھی پیسیفک نے 2022 کے اختتام پر میڈرڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کی تھیں اور وہ منگل ، جمعہ اور اتوار کو ہفتہ وار تین پروازیں چلارہی ہے جبکہ فضائی کمپنی نے اب بارسلونا کے لیے پروازیں بحال کرنے پر اظہار مسرت کیا ہے۔