غزہ(شِنہوا) رمضان المبارک کے آغاز پر بھی غزہ کی پٹی پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید67افراد کی ہلاکت سے جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد بڑھ کر 31ہزار112 ہو گئی ہے۔ غزہ کی وزارت صحت نے پیر کو بتایاکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے حملوں میں67 فلسطینی جاں بحق اور 106 دیگر زخمی ہوئے، جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد 31ہزار112اورزخمیوں کی تعداد 72ہزار760 تک پہنچ گئی ہے۔
فلسطینی ذرائع نے شِنہوا کو بتایا کہ رمضان المبارک کے پہلے روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے جاری رکھے جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق ہوئے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ جنوبی غزہ کے علاقے الزیتون میں ایک مکان پر بمباری سے بچوں اور خواتین سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے ۔اس کے علاوہ شہر کے جنوب میں واقع الصابرہ محلے میں ایک رہائشی مکان کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد رہائشی زخمی ہوئے۔