ین چھوان (شِنہوا) گوجی بیری ہزاروں برس سے روایتی چینی ادویات میں استعمال کی جارہی ہے ،اسے وولف بیری بھی کہا جاتا ہے۔ چین کے بعد اب یہ جرمنی ، امریکہ ، نیدرلینڈز ، آسٹریلیا اور آسیان جیسے ممالک اور خطوں کے صارفین میں بھی مقبول ہورہی ہے۔
علاقائی صدرمقام کے ین چھوان کسٹمز کے مطابق چین کے بڑے گوجی بیری کے پیداواری علاقوں میں سے ایک ننگ شیا ہوئی خود مختار علاقے نے 2024 کے ابتدائی 4 ماہ1331.2 ٹن گوجی بیری برآمد کی جو گزشتہ برس کی نسبت 15.3 فیصد زائد تھی۔
ننگ شیا کی گوجی بیری ایک اچھی عالمی ساکھ کی حامل ہے اور چین میں برسوں سے برآمدی حجم اور مالیت میں اول نمبر پر ہے۔
ننگ شیا وولف بیری گوجی انڈسٹری کمپنی لمیٹڈ خطے میں گوجی بیری کی پیداوار کا معروف ادارہ ہے۔ اس نے رواں ماہ امریکہ کو برآمد کرنے کے لئے خشک گوجی بیریز کے تقریبا 800 ڈبے اپنی خودکار پیداواری کارخانے میں چھانٹی کرکے پیک کئے ہیں جن کا مجموعی وزن 14.5 ٹن ہے۔
عالمی تجارت میں بہتری آنے کی وجہ سے کمپنی اپنی برآمدات کو بتدریج بحال کررہی ہے ۔ کمپنی کے بیرونی تجارت کے منیجر وانگ فی کے مطابق سال کے ابتدائی 4 ماہ میں اس کی برآمدی مالیت گزشتہ برس کی نسبت 145.3 فیصد کی طوفانی رفتار سے بڑھ کر 5 کروڑ 80 لاکھ یوآن ( تقریباً 81 لاکھ 50 ہزار امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
اعداد و شمار کے مطابق ننگ شیا نے ادویات، خوراک، مشروبات اور کاسمیٹکس سمیت گوجی بیری کی 120 نئی مصنوعات تیار کی جو دنیا بھر میں 50 سے زیادہ ممالک اور خطوں کو برآمد کی گئی۔ 2023 میں گوجی بیری صنعت کی سالانہ پیداوار 29 ارب یوآن ہوچکی تھی۔
بڑھتی سیاحت ننگ شیا کی گوجی بیری صنعت کی ویلیو ایڈیشن کو بھی بہتربنارہی ہے ، کیونکہ سیاح باقاعدگی سے سرخ پھلوں کو بطور تحفہ یا یادگار گھر لے جانے کے لئے خریدتے ہیں۔
ننگ شیا میں 2023 کے دوران گوجی بیری 3 لاکھ 25 ہزار مو (تقریباً 21 ہزار 667 ہیکٹر) پر کاشت کی گئی تھی جس سے تازہ گوجی بیری کی سالانہ پیداوار 3 لاکھ 20 ہزار ٹن ہوئی۔ ننگ شیا کے گوجی بیری ترقیاتی منصوبے کے تحت خطے میں گوجی بیری صنعت کی سالانہ پیداوار 2030 تک 100 ارب یوان تک پہنچنے کی توقع ہے۔