ماسکو(شِنہوا) روس کے صدرولادیمیر پیوتن نے فن لینڈ اور سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کے بعد دونوں ممالک کی سرحدوں کے قریب فوجی دستے اور اسٹرائیک سسٹم تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
صدرولادیمیر پیوتن نے مقامی میڈیا کو انٹرویومیں کہا کہ دونوں ممالک کا نیٹو میں شمولیت کا فیصلہ خالصتاً سیاسی سوچ پر مبنی ہے اوروہ کسی نہ کسی چھتری کے نیچے مغربی کلب کے رکن بننا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے اپنے قومی مفادات کو یقینی بنانے کے نقطہ نظر سے بالکل بے معنی ہے۔ اپنی دیرینہ غیر وابستہ فوجی پالیسی کو ترک کرتے ہوئےسویڈن پیر کوباضابطہ طور پر نیٹو کا 32 واں رکن بن گیا تھا۔ فن لینڈ گزشتہ سال فوجی اتحاد میں شامل ہوا تھا۔ ان اقدامات سے دونوں ممالک کا نیٹو اتحاد اور روس کے درمیان بفر زون کے طور پر کام کرنے کا کردار ختم ہوگیا ہے۔