• Portland, United States
  • |
  • May, 16th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سائنسدانوں نے دماغی سگنل کی نگرانی کے لئے وائرلیس سینسر تیار کرلیاتازترین

June 06, 2024

ووہان(شِنہوا)چین اورسنگاپور کےمحققین کی ایک ٹیم نے ایک چھوٹا سینسر تیار کیا ہے جو انسانی کھوپڑی میں سگنلز کی وائرلیس الٹراسونک نگرانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سینسر کی پیوند کاری بھی کی جاسکتی ہے۔

دماغ میں مختلف وجوہات کی بنیاد پر پڑنے والے دباؤ جیسے جسمانی اشاریے کی طبی نگرانی کے لئے روایتی وائرڈ سینسرز کی سرجری کے ذریعے پیوند کاری کی جاتی ہے۔  فی الحال دستیاب وائرلیس سینسر نسبتاً بڑے ہیں اور اس کے بڑی سرجری کرنا پڑتی ہے۔

ہوا ژونگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور نان یانگ ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی کے محققین نے ایک ہائیڈروجیل کیوب سینسر تیارکیا ہے، جس کا سائز صرف 2 ملی میٹر ہے، جسے ایک سوئی کی مدد سے انٹرکرینیئل اسپیس میں لگایا جاسکتا ہے۔

جرنل نیچر میں شائع شدہ تحقیق کے مطابق جسم میں داخل ہونے کے بعد ہائیڈروجیل جسم کی اندرونی تبدیلیوں کی وجہ سے تحلیل ہوجاتا ہے جس سے الٹرا ساؤنڈ لہریں اعلیٰ درجے کی فریکوئنسی میں تبدیل ہوجاتی ہیں ۔ ان تبدیلیوں کو بیرونی الٹرا ساؤنڈ کے دوران وائرلیس طریقے سے جانچا جاسکتا ہے۔

سینسر آزادانہ طور پر انٹرکرینیئل دباؤ، درجہ حرارت، پی ایچ، اور بہاؤ کی شرح کو ناپنے کی صلاحیت رکھتا ہے جس کی حد 10 سینٹی میٹر تک ہے۔

ہائیڈروجیل 3 سے 4  ہفتے قائم رہتا ہے 5 ویں ہفتے یہ تحلیل ہونا شروع ہوتا ہے اور 18 ہفتے میں یہ مکمل طور پر ختم ہوتا ہے اور کسی مدافعتی ردعمل کا باعث نہیں بنتا۔

تحقیق کے دوران جانوروں پر تجربات سے پتہ چلا ہے کہ سینسر بہترین سینسنگ صلاحیتوں کا حامل ہے جس کا موازنہ روایتی نان ریسوربل وائرڈ کلینیکل بینچ مارکس سے کیا جاسکتا ہے۔

ہوا ژونگ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے وابستہ مقالے کے مصنفین میں سے ایک زانگ جیان فینگ نے بتایا کہ ہماری الٹراسونک سینسنگ ٹیکنالوجی مختلف نوعیت کی ہے اور اسے دماغ سے باہر استعمال کیا جاسکتا ہے۔