تہران (شِنہوا) چین کے صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے ژانگ گو چھنگ نے تہران میں ایران کے مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کی تدفین میں شرکت کی جبکہ انہوں نے عبوری ایرانی صدر محمد مخبر سے بھی ملاقات کی۔
ژانگ جو کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن اور ریاستی کونسل کے نائب وزیر اعظم بھی ہیں ، نے عبوری ایرانی صدر محمد مخبر سے دوران ملاقات کہا کہ صدر شی نے رئیسی کی افسوسناک موت کے بعد تعزیتی پیغام بھیجا ہےاور تدفین میں شرکت کے لیے مجھے خصوصی نمائندہ مقرر کیا ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ صدر شی اور چینی حکومت چین ایران تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔
انہوں نے صدر شی جن پھنگ کی جانب سے رئیسی کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیااور ایرانی حکومت ، عوام اور مرحوم صدر کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
ژانگ نے کہا کہ چینی عوام مشکل وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہمیں یقین ہے ایران عارضی مشکلات پرقابوپائے گا اور مختلف قومی اقدامات کو آگے بڑھاتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی نے ایران کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے ، ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا اورانہوں نے چین ایران جامع سٹرٹیجک شراکت داری کو مضبوط کرنے کے لیے بھی مثبت کوششیں کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کہ رئیسی کی موت ایرانی عوام کے لیے بڑا نقصان ہے اورچین کے عوام نے بھی اچھا دوست کھویا ہے۔
اس موقع پر عبوری ایرانی صدر محمد مخبر نے صدر رئیسی کی تدفین میں شرکت کے لیے ژانگ کو اپنا خصوصی نمائندہ مقرر کرنے پر چینی صدر شی جن پھنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
انہوں کہا کہ ایران ہمیشہ کی طرح چین کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھے گا اور وہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے، جامع سٹرٹیجک شراکت داری کو نئی سطح تک پہنچانے کے لیے چین کے ساتھ مشترکہ کوششیں کرنے کو تیار ہے۔