بیجنگ (شِنہوا) چین کے مدار میں زیرگردش خلائی سٹیشن شین ژو -17 کے عملے نے خلائی سٹیشن کے باہر اپنا دوسرا مشن مکمل کرلیا۔
چین کی انسان بردارخلائی ایجنسی نے بتایا کہ خلاء بازوں تانگ ہونگ بو، تانگ شینگ جی اور جیانگ شین لین نے خلائی سٹیشن کے باہر تقریباً 8 گھنٹے سرگرمیاں انجام دیں اور دوپہر ایک بجکر 32 منٹ (بیجنگ وقت) پر تمام طے شدہ امور کامیابی سے مکمل کرلئے۔ انہوں نے خلائی سٹیشن کے روبوٹک بازو اور زمین پر سائنسی محققین کی مدد سے ملکر کام کیا۔
تانگ ہونگ بو اور جیانگ شین لین نے خلاء میں چہل قدمی کی جس کے بعد وہ وین تیان لیب ماڈیول میں بحفاظت واپس آ گئے۔
چین نے 26 اکتوبر 2023 کو شین ژو-17 انسان بردار خلائی جہازمدار میں بھیجا تھا جبکہ اس کے عملے نے گزشتہ برس 21 دسمبر کو خلائی سٹیشن سے باہر پہلے مشن میں مرمتی کام کیا تھا۔
ایجنسی کے مطابق اپنے اس دوسرے مشن میں تینوں خلاءبازوں نے تیان ہی کور ماڈیول کے سولر ونگز کی مرمت کا کام مکمل کیا جس سے چھوٹے خلائی ذرات کے اثرات کا خاتمہ ہوگیا۔ جائزے اور مرمت کے بعد سولر ونگز معمول کے مطابق بجلی پیدا کررہےہیں۔
یہ پہلا موقع تھا جب خلاءبازوں نے مدار میں خلائی سٹیشن سے باہر موجود سہولیات کی دیکھ بھال کا کام مکمل کیا۔
شین ژو -17عملے نے خلا میں چہل قدمی کے دوران خلائی سٹیشن کے ماڈیولز کا جائزہ بھی لیا۔
چینی خلائی ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ تینوں خلاء باز خلائی جہازمیں اپنے قیام کے باقی ایام میں خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف تجربات کریں گے۔