بیجنگ(شِنہوا)شِنہوا نیوز ایجنسی کے صدر فو ہوا سے روس کی تاس نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل آندرے کونڈراشوف نے بیجنگ میں ملاقات کی۔
دوران ملاقات فو نے کہا کہ چین اور روس کے سربراہان مملکت کی موجودگی میں دونوں ایجنسیوں نے خبروں کے تبادلے اور تعاون کے ایک نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں،امید ہے کہ دونوں فریق اس معاہدے پر مکمل عمل درآمد کریں گے اور نئے دور کے لیے چین روس جامع سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید گہرا کرنے میں مدد دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شنہوا برکس میڈیا فورم کی میزبانی میں تاس کی حمایت کرتا ہے تاکہ برکس رہنماؤں کی ملاقاتوں کے لیے سازگار ماحول بنایا جا سکے۔
انہوں نے ورلڈ میڈیا سمٹ میکانزم کے تحت مختلف سرگرمیوں میں فعال طور پر حصہ لینے پر تاس کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ دونوں فریق اس فریم ورک کے اندر تعاون کو مضبوط بناتے رہیں گے۔
اس موقع پرتاس اور شِنہوا کے طویل مدتی دوستانہ تعاون پر مبنی تعلقات کو برقرار رکھنے کی نشاندہی کرتے ہوئے تاس کے ڈی جی آندرے کونڈراشوف نے کہا کہ دونوں سربراہان مملکت کی موجودگی میں اس معاہدے پر دستخط کی بڑی اہمیت ہے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں نیوز ایجنسیاں اقتصادی معلومات کے تبادلے، مصنوعی ذہانت کے استعمال اور اہلکاروں کے دوروں جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھاتی رہیں گی۔