شنگھائی(شِنہوا) فن لینڈکے اعلی حکام نے کہا ہے کہ ان کا ملک چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) کو بہت اہمیت دیتا ہے اور اس نمائش کے ذریعے مزید کاروباری مواقع اور مزید دوطرفہ تعاون کی توقع ہے۔
چین کے اپنے پہلے دورے کے دوران، فن لینڈ کی وزیر زراعت و جنگلات ساری ایسیانے ایک خصوصی انٹرویو میں شِنہوا کو بتایاکہ وہ بہت سارے ممالک کی اس نمائش میں شرکت سے متاثر اور انہیں 17 کمپنیوں پر مشتمل فن لینڈ کے پویلین پر فخر ہے، جس میں لییکٹوز سے پاک ڈیری مصنوعات کو پیش کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دورہ ان کے لیے ذاتی طور پر اور حکومت کے لیے بھی بہت اہم ہے۔ ہمیں بہت زیادہ توقعات ہیں کہ ہمارے چین کے ساتھ اچھے تجارتی تعلقات قائم ہوں گے۔
فن لینڈ کی وزارت زراعت و جنگلات کی مستقل سیکرٹری جانا ہوسو کالیو کے خیال میں، چین نے عالمی کاروباری اداروں کو ایک انتہائی واضح سگنل بھیجا ہے کہ ملک کی کشادگی مزید وسیع ہو گئی ہے۔
اس بات پر زوردیتے ہوئے کہ عالمی تجارت اور یکساں مفاد پر مبنی تعاون سی آئی آئی ای کے بنیادی مقاصد ہیں انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کے لیے جو چیز بہت اہم ہے وہ یہ ہے کہ چین کسی بھی ملک کے ساتھ تعاون کرنے کے لیے تیار ہے اور یہ کسی ملک کے حجم پر منحصر نہیں اور یہ فن لینڈ جیسے چھوٹے ملک کے لیے اہمیت کی چیز ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور فن لینڈ کا مختلف شعبوں میں پائیداری کے حصول کا ایک ہی ہدف ہے جو دونوں ممالک کے لیے دوطرفہ اور کثیر جہتی شعبوں میں تعاون کے وسیع امکانات پیش کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کا مطلب ہے کہ دونوں ممالک دو طرفہ تعاون کو بڑھا سکتے ہیں اور ہم اپنی کمپنیوں کو اس کے لیے مل کر کام کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ شامل کر سکتے ہیں۔