• Sterling, United States
  • |
  • May, 15th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سی پی سی نے 103 ویں یوم تاسیس کے موقع پر اپنی رپورٹ جاری کردیتازترین

July 01, 2024

بیجنگ (شِنہوا) کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ نے اپنے 103 ویں یوم تاسیس سے قبل اپنی ایک رپورٹ جاری کی ہے ۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے شعبہ تنظیم کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق 2023 کے اختتام پر پارٹی ارکان کی تعداد 9 کروڑ 91 لاکھ 80 ہزار سے زائد تھی جو 2022 کے مقابلے میں 11 لاکھ 40 ہزار زائد ہے۔

کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی 2023 کے اختتام پر پرائمری سطح پر تقریبا 51 لاکھ 80 ہزار تنظیمیں تھیں جس میں گزشتہ سال کی نسبت 1 لاکھ 11 ہزار کا اضافہ ہوا۔

رپورٹ کے مطابق سی پی سی نے پرائمری سطح پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے، بنیادوں کو مسلسل مستحکم کیا اور کمزور رابطوں کو مستحکم کرکے اپنے تنظیمی نظام اور رکنیت کو مضبوط بنایا اور اپنی عظیم قوت اور مضبوط صلاحیت کو برقرار رکھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں تقریبا 24 لاکھ 10 ہزار افراد نے سی پی سی میں شمولیت اختیار کی جن میں سے 82.4 فیصد کی عمر 35 سال یا اس سے کم تھیں۔

رکنیت میں پارٹی ڈھانچے کے اعتبار سے مثبت تبدیلیاں ہوئیں۔ 5 کروڑ 57 لاکھ 80 ہزار سے زائد پارٹی ارکان یا مجموعی رکنیت کے 56.2 فیصد کے پاس جونیئر کالج ڈگری یا اس سے زیادہ تعلیم تھی جو 2022 کے اختتام کے مقابلے میں سے 1.5 فیصد زائد ہے۔

سی پی سی میں خواتین ارکان کی تعداد 2023 کے اختتام پر 3 کروڑ 18 لاکھ ہوچکی تھی جو کل رکنیت کا 30.4 فیصد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.5 فیصد زائد ہے جبکہ  نسلی اقلیتی گروہوں کی تعداد کا تناسب 0.1 فیصد پوائنٹس بڑھ کر 7.7 فیصد ہوگیا۔

مزدور اور کسان سی پی سی میں اکثریتی درجہ رکھتے ہیں جو کل ارکان کا 33 فیصد ہیں۔

پارٹی ارکان کی تعلیم اور انتظام میں 2023 کے دوران بہتری آتی رہی۔ تمام سطح پر پارٹی تنظیموں کی طرف سے 12 لاکھ 60 ہزار سے زائد مطالعاتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔

اس کے علاوہ 2023 میں بھی پارٹی تنظیموں اور ارکان کو راغب کرنے کا میکانزم اپنا مناسب کردار ادا کرتا رہا۔ سال کے دوران1 لاکھ 38 ہزار پرائمری سطح کی پارٹی تنظیموں اور 6 لاکھ 93 ہزار پارٹی ارکان کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

پرائمری سطح پر سی پی سی تنظیموں میں 2023 کے دوران بہتری کا عمل جاری رہا، سال کے اختتام پر چین میں پرائمری سطح پر 2 لاکھ 98 ہزار پارٹی کمیٹیاں، 3 لاکھ 25 ہزار جنرل پارٹی شاخیں اور تقریبا 46 لاکھ پارٹی شاخیں تھیں۔

پارٹی کے سرکردہ عہدیداروں کی ٹیم نے 2023 میں چین کی دیہی بحالی مہم کو مضبوط بنانے میں سہولت فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔ 2023 کے اختتام پر دیہات میں پارٹی تنظیموں کے تقریبا 4 لاکھ 90 ہزار سیکرٹریز تھے جن میں سے 44 فیصد کے پاس جونیئر کالج یا اس سے اوپر کی ڈگریاں تھیں۔

سی پی سی ویلج کمیٹیوں کو فرسٹ سیکرٹریز دینے کی روایت جاری رہی اور 2023 کے آخر تک دیہات میں 2 لاکھ 6 ہزار فرسٹ سیکرٹریز کام کررہے تھے۔