خرطوم(شِنہوا)سوڈان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے سوڈانی فضائی حدود کی بندش میں 15 اگست تک توسیع کر دی تاہم یہ پابندی انسانی امداد اور انخلاء کی پروازوں پر عائد نہیں ہو گی۔
خرطوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب سے پیر کو ایک بیان میں کہا گیا کہ سوڈان کی فضائی حدود اپریل کے وسط میں جھڑپوں کے شروع ہونے کے نتیجے میں ہوائی اڈے پر فضائی نیوی گیشن سسٹم متاثر ہونے پر بند کردی گئی تھیں۔
سوڈانی وزارت صحت کےجاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 15 اپریل کو سوڈانی فوج اور نیم فوجی ریپڈ سپورٹ فورسز کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جس کے نتیجے میں 3ہزارسے زیادہ افراد ہلاک اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔
اقوام متحدہ کے اندازوں کے مطابق سوڈان میں تنازعہ شروع ہونے کے بعد سے 30 لاکھ سے زیادہ لوگ اندرون و بیرون ملک بے گھر ہو چکے ہیں۔