• Hong Kong, Hong Kong
  • |
  • May, 14th, 25

شِنہوا پاکستان سروس

سربراہ اقوام متحدہ کا بچوں کو انسانی سمگلنگ سے بچانے کیلئے مزید کوششوں کا مطالبہتازترین

July 23, 2024

اقوام متحدہ(شِنہوا)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گویتریس نے بچوں کو انسانی سمگلنگ سے بچانے کیلئے مزید کوششوں پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات 30 جولائی کو منائے جانے والے انسانی سمگلنگ کے خلاف دن کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ ایک خوفناک جرم ہے جو ہما رے معاشرے کے زیادہ کمزور افراد کو نشانہ بناتا ہے۔اس سال انسانی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن پر ہمیں اپنے درمیان موجود زیادہ کمزور افراد یعنی بچوں پر توجہ مرکوز رکھنی چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ انسانی سمگلنگ کا شکار ہونے والوں میں ایک تہائی بچے ہیں، جنہیں  ناقابل بیان بدسلوکی  کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جن میں جبری مشقت، شادی کیلئے فروخت، فوجیوں کے طور پر بھرتی یا مجرمانہ سرگرمیوں پر مجبور کرنا شامل ہیں۔

  اقوام متحدہ کے سربراہ نے نشاندہی کی کہ بڑھتی ہوئی عدم مساوات اور عالمگیریت نے  سمگلنگ کے پیچیدہ نیٹ ورکس کو ہوا دی ہے جو روایتی قانونی فریم ورک کو چیلنج کرتے ہیں ، غلامی کی نئی شکلیں پیدا کرتے ہیں ۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ آن لائن پلیٹ فارم بچوں کو جنسی استحصال اور صنفی بنیاد پر تشدد کا شکار بناتے ہیں اورسمگلروں کو سرحدوں کے آر پار متاثرین کا استحصال کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔

 اقوام متحدہ کے سربراہ نے حکومتوں، سول سوسائٹی اور ٹیکنالوجی کمپنیوں سمیت نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ اپنی کوششوں اور تعاون کو تیز کریں تاکہ کوئی بچہ متاثر نہ ہو اور کوئی سمگلر  سزا سے نہ بچ سکے۔ انہوں نے کہا اس دن  آئیے ہم ایک ایسے مستقبل کے لئے اپنے عزم کی تجدید کریں جہاں ہر بچہ محفوظ اور آزاد ہو۔