• Columbus, United States
  • |
  • Jul, 1st, 25

شِنہوا پاکستان سروس

تھائی لینڈ کے سزا یافتہ سابق وزیر اعظم تھاکسن جیل سے پیرول پر رہاتازترین

February 18, 2024

بنکاک(شِنہوا) تھائی لینڈ کے سزا یافتہ سابق وزیراعظم تھاکسن شیناوترا کو اتوار کے روز چھ ماہ قید کے بعد پیرول پر رہا کر دیا گیا ہے جنہیں خود ساختہ جلاوطنی سے وطن واپسی پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔

شِنہوا کے نمائندوں نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح  6 بج کر 6 منٹ (پاکستانی وقت صبح 4 بج کر 6 منٹ)پر بنکاک کے ایک پولیس ہسپتال سے تھاکسن کو لے جانے والی  کارکو روانہ ہوتے ہوئے دیکھا جہاں ان کا طبی علاج ہو رہا تھا اور اس دوران انہوں نے اپنی ایک سال قید کی سزا میں سے چھ ماہ یہاں گزارے۔

قبل ازیں تھائی لینڈ کے وزیر اعظم سریتھا تھاویسن کا کہنا تھا کہ تھاکسن کی پیرول پر رہائی قانون کے مطابق ہورہی ہے۔

ملک کی وزارت انصاف کے مطابق 74 سالہ سابق وزیراعظم  ان 930 قیدیوں میں شامل ہیں جن کی رواں  ماہ پیرول پر رہائی کی منظوری دی گئی تھی۔ وہ پیرول پر رہائی کے اہل قرار پائے ہیں کیونکہ ان  کی عمر 70 برس سے زیادہ ہے اور وہ سنگین بیماریوں میں مبتلا ہیں۔

تھاکسن 15 سال سے زائد عرصہ کی جلاوطنی ختم کرکے گزشتہ سال اگست میں وطن واپس آئے تھے  لیکن اس کے فوری بعد ہی انہیں حراست میں لے لیا گیا اور متعدد الزامات پر آٹھ سال قید کی سزا سنادی گئی تھی۔

تاہم واپسی کے فوراً بعد ہی  انہیں صحت کی خرابی کے باعث بنکاک کی جیل سے ایک  ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ستمبر میں تھائی بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن نے شاہی معافی کی درخواست موصول ہونے  کے بعد تھاکسن کی آٹھ سال قید کی سزا کو کم کر کے ایک سال کر دیا تھا۔

تھاکسن  2001 سے 2006 تک جنوب مشرقی ایشیائی ملک کے وزیر اعظم رہ چکے ہیں اور وہ 2008 سے بیرون ملک خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار چکے ہیں۔