بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت قومی دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ تائیوان کبھی بھی ایک ملک نہیں ہوگا اور "تائیوان کی آزادی" کے لیے کسی قسم کی علیحدگی پسند سرگرمیاں یا چین کو تقسیم کرنے کی غیر ملکی قوتوں کی کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔
وزارت قومی دفاع کے ترجمان ووچھیان نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ تائیوان کے علاقے میں انتخابات چین کے ایک خطے کے معاملات تھے۔
ترجمان نے کہا کہ اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ تائیوان میں صورتحال کیسے تبدیل ہوتی ہے بنیادی حقیقت یہ ہے کہ دنیا میں صرف ایک چین ہے، اور تائیوان چین کا حصہ ہے اور اس حقیقت میں تبدیلی نہیں ہوگی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین کی خودمختاری اور جغرافیائی حدبندی کبھی متاثر نہیں ہوئیں، وو کا کہنا تھا کہ یہ حقیقت ہے کہ تائیوان چین کی جغرافیائی حدبندی کاحصہ ہے اور اس میں شمولیت کی قانونی حیثیت بھی کبھی تبدیل نہیں ہوئی۔
ترجمان نے کہا کہ پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) ہمیشہ قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے والی آہنی دیوار بنی رہے گی۔
وو نے بتایا کہ پی ایل اے تھیٹر کمانڈ نے تائیوان جزیرے کے ارد گرد مشترکہ سمندری و فضائی گشت شروع کیا ہے جس کا مقصد جنگی تیاریوں میں اضافہ اور مسلح افواج کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کی صلاحیت کو بڑھانا ہے۔