بیجنگ (شِنہوا) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے کہا ہے کہ چین پرامید ہے کہ متعلقہ ممالک تحفظ پسندی کے جواز کے طور پر "حد سے زیادہ صلاحیت" کا بیانیہ استعمال کرنے کے بجائے شفاف مسابقت کو اپنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ خیال مکمل طور پر " غلط فہمی" ہے کہ نئی توانائی شعبوں میں چین کی حد سے زیادہ صلاحیت عالمی مارکیٹ کے لئے نقصان دہ ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے یومیہ پریس بریفنگ میں کہا کہ تحفظ پسندی کو جواز فراہم کرنے کے لئے اس بیانیے کو پھیلانے والوں کو کچھ حاصل نہیں ہوگا اس سے صرف صنعتی اور رسد چینز غیر مستحکم اور متاثر ہوں گی، عالمی سبز منتقلی میں رکاوٹ آئے گی اور ابھرتے شعبوں میں ترقی رک جائے گی۔
لین نے کہا کہ نئی توانائی میں چین نے سبقت مضبوط کارکردگی اور مکمل مارکیٹ مسابقت سے حاصل کی ہے ۔ اس میں حکومتی اعانت کا کوئی حصہ نہیں ۔ چین کا نئی توانائی شعبہ دنیا کے لئے اعلیٰ معیار کی صلاحیت کا ایک مستحکم ذریعہ اور عالمی ماحول دوست ترقی میں نمایاں شراکت دار ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین نے متعدد بار اس پر زور دیا ہے کہ صلاحیت کا معاملہ مارکیٹ معیشت کے اصولوں پر پرکھا جائے اور معاشی عالمگریت، افرادی قوت کی عالمی تقسیم اور مارکیٹ محرکات کے تناظر میں اس کا جائزہ لیا جائے۔
ترجمان لین نے کہا کہ چین کے صنعتی تعاون میں ہمہشہ کھلا پن رہا ہے اور رہے گا ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ ممالک کھلی ذہینت کے ساتھ شفاف مسابقت اپنائیں گے، تجارت اور اقتصادی تعاون میں عالمی معیار، مارکیٹ اور قانون پر مبنی ماحول میں حصہ لیں گے اور باہمی فائدے و جامع اقتصادی عالمگیریت کے لئے چین کے ساتھ کام کریں گے تاکہ سب کو فائدہ پہنچ سکے۔