انقرہ(شِنہوا) ترک سیکورٹی فورسز نے 2016 میں بغاوت کی ناکام کوشش کرنے والے نیٹ ورک سے مبینہ روابط کے الزام میں سات صوبوں سے 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
سرکاری نشریاتی ادارے، ٹی آر ٹی کی ایک رپورٹ کے مطابق مشتبہ افراد کا مبینہ طور پر گولن تحریک سے تعلق تھا، جس پر ترک حکومت کی جانب سے 15 جولائی 2016 کو بغاوت کی کوشش کا الزام عائد کیا گیا ہے جس میں کم از کم 250 افراد مارے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق مغربی صوبے ازمیر کے استغاثہ دفتر کی جانب سے مسلح افواج کے اندر گولن موومنٹ کے ڈھانچے کی تحقیقات کے سلسلے میں 23 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ مطلوب افراد میں نو فوجی اہلکار تھے، جن میں سے چھ حاضر سروس ، جب کہ دیگر 14 فوجی اسکول کے طالب علم تھے جن کو بغاوت کی کوشش کے بعد نکال دیا گیا تھا۔