پاکستانی عوام نے پٹرول کی قیمت میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ قیمت میں 150 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں کمی پر عوامی ردعمل آگیا، شہریوں نے پٹرول کی قیمت میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا ہے۔کراچی، لاہور، پشاور اور فیصل آباد سمیت مختلف شہروں کے عوام کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی کے باوجود پاکستان میں ریلیف محدود اور وقتی ہوتا ہے۔کراچی کے شہریوں کا کہنا تھا، "پہلے 20 روپے بڑھا کر اب 7 روپے کم کر دیے، اس سے کیا فائدہ؟ ایک اور شہری نے شکوہ کیا کہ "قیمتیں کم کر کے چند دن بعد دوبارہ بڑھا دی جاتی ہیں۔لاہور کے شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرول کی قیمت میں 150 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے تاکہ حقیقی ریلیف مل سکے۔پشاور کے شہریوں نے کہا، "کمی پر خوشی تو ہے لیکن 7 روپے سے ریلیف نہیں ملے گا، جبکہ بین الاقوامی منڈی میں خام تیل سستا ہو رہا ہے اور یہاں پٹرول مہنگا ہو رہا ہے۔فیصل آباد کے شہریوں نے بھی پٹرول کی قیمت کو کم از کم 150 روپے فی لیٹر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ "یہ کوئی کمی نہیں، عوام کے لیے حقیقی ریلیف دیا جانا چاہیے۔یاد رہے وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 54 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 1 روپیہ 48 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ وزارت خزانہ نے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر ہو چکا ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 264 روپے 61 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 285 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی