i آئی این پی ویلتھ پی کے

پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات جولائی تا مارچ 2026 میں 13.58 ارب ڈالر رہیں: ویلتھ پاکستانتازترین

May 06, 2026

پاکستان ٹیکسٹائل کونسل کی ماہانہ برآمدی تجزیاتی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات جولائی تا مارچ مالی سال 2026 کے دوران 13.58 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال اسی مدت کے 13.65 ارب ڈالر کے مقابلے میں 0.5 فیصد کی معمولی کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔زیرِ جائزہ مدت میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کا شعبہ ملک کے برآمدی ڈھانچے میں سب سے بڑا حصہ دار رہا اور کل برآمدات کا تقریبا 60 فیصد اسی شعبے سے حاصل ہوا۔ مجموعی برآمدات 22.67 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو مالی سال 2025 کی اسی مدت میں 24.72 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8 فیصد کمی ظاہر کرتی ہیں۔مارچ 2026 میں ٹیکسٹائل اور ملبوسات کی برآمدات 1.33 ارب ڈالر رہیں جو مارچ 2025 کے 1.43 ارب ڈالر کے مقابلے میں سالانہ بنیاد پر 7 فیصد کمی ہے۔ تاہم ماہانہ بنیاد پر فروری 2026 کے 1.32 ارب ڈالر کے مقابلے میں 1 فیصد اضافہ دیکھا گیاجو معمولی بحالی کی نشاندہی کرتا ہے۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب تفصیلی تجزیے کے مطابق ٹیکسٹائل شعبے کے مختلف حصوں کی کارکردگی میں فرق دیکھا گیا۔ روایتی ٹیکسٹائل (چیپٹر 5060) کی برآمدات جولائی تا مارچ مالی سال 2026 میں 2.284 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال کے 2.450 ارب ڈالر کے مقابلے میں 7 فیصد کمی ہے۔روایتی ٹیکسٹائل میں کئی کیٹیگریز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ کپاس کی برآمدات 1,988.8 ملین ڈالر سے کم ہو کر 1,867.9 ملین ڈالر رہ گئیں۔ اسی طرح مصنوعی فلیمینٹس 54.0 ملین سے کم ہو کر 40.7 ملین ڈالر، بنا ہوا یا کروشیا کپڑا 34.5 ملین سے کم ہو کر 25.2 ملین ڈالر، اور قالین و دیگر فرش کے ٹیکسٹائل 42.3 ملین سے کم ہو کر 37.0 ملین ڈالر رہ گئے۔تاہم کچھ کیٹیگریز میں اضافہ بھی ہوا۔

اسپیشل ویوون فیبرکس 29.3 ملین ڈالر سے بڑھ کر 35.7 ملین ڈالر ہو گئے جبکہ اون اور متعلقہ مصنوعات معمولی اضافے کے ساتھ 1.5 ملین سے 1.6 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔اس کے برعکس ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل شعبے (چیپٹر 6163)، جس میں ملبوسات اور دیگر تیار شدہ مصنوعات شامل ہیں، میں معمولی اضافہ دیکھا گیا۔ اس شعبے کی برآمدات جولائی تا مارچ مالی سال 2026 میں 11.299 ارب ڈالر رہیں جو گزشتہ سال 11.201 ارب ڈالر کے مقابلے میں تقریبا 1 فیصد اضافہ ہے۔اس شعبے میں نان نِٹ اپیرل سب سے نمایاں رہا جو 3.8 فیصد بڑھ کر 3,208 ملین ڈالر تک پہنچ گیا۔ میڈ اپ ٹیکسٹائل مصنوعات 0.6 فیصد اضافے کے ساتھ 4,347 ملین ڈالر ہو گئیں۔ تاہم نِٹ ویئر کی برآمدات 1.1 فیصد کمی کے ساتھ 3,743 ملین ڈالر رہیں۔پاکستان کی بڑی برآمدی منڈیاں اس عرصے میں زیادہ تر مستحکم رہیں۔ یورپی یونین 5.383 ارب ڈالر کے ساتھ سب سے بڑی مارکیٹ رہی، اس کے بعد امریکہ 3.607 ارب ڈالر اور برطانیہ 1.316 ارب ڈالر رہے۔ دیگر اہم منڈیاں بنگلہ دیش (485 ملین ڈالر) اور چین (470 ملین ڈالر) رہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات گزشتہ چند سالوں میں اتار چڑھا کا شکار رہی ہیں۔ 202122 میں 14.36 ارب ڈالر سے کمی شروع ہو کر 202223 میں 12.64 ارب ڈالر اور 202324 میں 12.46 ارب ڈالر تک گرنے کے بعد، 202425 میں یہ دوبارہ 13.65 ارب ڈالر تک بحال ہوئیں تاہم موجودہ مالی مدت میں دوبارہ معمولی کمی دیکھی گئی۔مجموعی طور پر اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اگرچہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل شعبہ برآمدات کو سہارا دے رہا ہے لیکن روایتی ٹیکسٹائل میں مسلسل کمی اب بھی مجموعی برآمدی ڈھانچے میں نمایاں ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک