i آئی این پی ویلتھ پی کے

سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا بڑا حصہ سیلاب متاثرین کی رہائش پر خرچ،ویلتھ پاکستانتازترین

June 18, 2026

رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے گیارہ ماہ کے دوران سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے نظرثانی شدہ 51 ارب 4 کروڑ روپے کے مقابلے میں صرف 23 ارب 16 کروڑ روپے جاری کیے گئے جن میں سے بیشتر رقم سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی رہائشی منصوبے کو فراہم کی گئی۔ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویز کے مطابق صوبائی اور وفاقی تعمیراتی منصوبوں کے تحت سندھ کے لیے ابتدائی طور پر 66 ارب 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے تاہم بعد ازاں یہ رقم کم کر کے 51 ارب 4 کروڑ روپے کر دی گئی۔ مئی 2026 تک مجموعی طور پر 23 ارب 16 کروڑ روپے جاری کیے گئے جن میں سے 20 ارب روپے، یعنی تقریبا 86 فیصد، سیلاب متاثرین کے ہنگامی رہائشی منصوبے کو دیے گئے، جسے اس کی پوری نظرثانی شدہ رقم فراہم کر دی گئی۔کراچی کے سائٹ صنعتی علاقے میں سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے کے لیے 3 ارب 2 کروڑ روپے کی مختص رقم کے مقابلے میں صرف ایک ارب 5 کروڑ روپے جاری کیے گئے۔بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اسکولوں کی تعمیر و بحالی کے لیے وزیراعظم پروگرام کے تحت 3 ارب 17 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ رقم کے مقابلے میں ایک ارب 11 کروڑ روپے فراہم کیے گئے۔

دستاویز کے مطابق نواب شاہ سے رانی پور تک مہران شاہراہ پر اضافی سڑک کی تعمیر کے منصوبے کے لیے 10 ارب روپے کی نظرثانی شدہ رقم کے مقابلے میں صرف ایک ارب روپے جاری کیے گئے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ متعدد دیگر منصوبوں کے لیے تاحال کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔ ان میں سندھ ساحلی شاہراہ کی توسیع و تعمیر، جس کے لیے ابتدائی طور پر 8 ارب روپے مختص تھے، روہڑی سے گڈو بیراج تک سڑک کی بہتری کا منصوبہ جس کی نظرثانی شدہ لاگت 3 ارب 86 کروڑ روپے ہے، ٹنڈو الہ یار سے ٹنڈو آدم سڑک کو دو رویہ بنانے کا منصوبہ جس کے لیے 3 ارب 27 کروڑ روپے مختص کیے گئے اور سانگھڑ سے قومی شاہراہ تک سڑک کی بہتری کا منصوبہ شامل ہے، جس کیلئے 7 ارب 70 کروڑ روپے کی نظرثانی شدہ رقم رکھی گئی تھی۔وفاقی تعمیراتی منصوبوں کے حصے کے تحت سکھر میں قومی احتساب بیورو کے دفتر کی تعمیر کیلئے ابتدائی طور پر 11 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے تھے جو بعد میں کم کر کے 2 کروڑ 74 لاکھ روپے کر دیے گئے، تاہم اس منصوبے کے لیے بھی کوئی رقم جاری نہیں کی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی ویلتھ پاک