کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی نے ٹیلی پرامپٹر اچانک بند ہونے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ہلکا پھلکا طنز کیا، جس پر وہاں موجود صحافیوں اور شرکا نے قہقے لگائے ۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ روز ٹورنٹو میں ہائو سنگ پالیسی سے متعلق ایک پریس کانفرنس کے دوران پیش آیا، جب وزیراعظم مارک کارنی تقریر کر رہے تھے اور اچانک ان کے ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کردیا۔مارک کارنی نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں آپ کو اطلاع دینا چاہتا ہوں کہ ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا بند کر دیا ہے۔ ایک مخصوص عالمی رہنما کے برعکس، میں اسے کسی سازش کا حصہ نہیں سمجھتا۔ان کے اس جملے پر نیوز کانفرنس میں موجود صحافیوں اور شرکا نے قہقہے لگائے۔کارنی کا یہ تبصرہ بظاہر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ برس کے اس واقعے کی طرف اشارہ تھا، جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں ان کی تقریر کے دوران ٹیلی پرامپٹر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا اور ایک برقی سیڑھی (ایسکلیٹر) بھی رک گئی تھی۔اس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے ان واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں ممکنہ سازش قرار دیا تھا۔مارک کارنی کے دفتر اور وائٹ ہائوس نے اس معاملے پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی