ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایکس کی جانب سے اپنے اکائونٹ سے بلیو چیک ہٹائے جانے پر سخت ردعمل د یتے ہوئے اسے جانبدارانہ اقدام قرار دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ایکس (سابقہ ٹوئیٹر) پر اپنے بیان میں انھوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے ان کے اکائو نٹ سے بلیو چیک ہٹا دیا ہے، حالانکہ اس کے لیے مکمل پریمیم پلس ادائیگی کی گئی تھی۔ ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ اور وزیر کے تصدیق شدہ اکانٹس سے بھی بلیو چیک ختم کیے جا چکے ہیں، اور اب ترجمان کے اکانٹ کو بھی ڈی ویریفائی کر دیا گیا ہے۔
اسماعیل بقائی کے مطابق یہ اقدام من مانا ہے اور یہ ایکس کے جانبدارانہ طرز عمل اور مخصوص سنسرشپ کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات کا مقصد امریکا کی ایران کے خلاف جنگ سے متعلق حقائق کو دبانا ہے۔دوسری جانب ایکس کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں بحث کا موضوع بنتا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ ایکس پر بلیو چیک یا تصدیقی نشان عام طور پر کسی اکانٹ کی شناخت کی تصدیق کیلئے دیا جاتا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں اس کی پالیسی میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جس کے بعد یہ سروس بامعاوضہ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی