اقوامِ متحدہ میں امریکی سفیر مائیک والٹز نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ ایران کبھی جوہری ہتھیار حاصل نہ کر سکے اور اس مقصد کے لیے امریکا زیادہ سے زیادہ دبا کی پالیسی جاری رکھے گا۔مائیک والٹز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ اگر ایران نیک نیتی کے ساتھ مذاکرات کی میز پر واپس آتا ہے تو اس کے لیے دروازہ اب بھی کھلا ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک ویڈیو کلپ بھی شیئر کیا ہے جس میں وہ نیویارک میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے ہیں۔ویڈیو میں امریکی سفیر نے ایران کے خلاف امریکا اور اسرائیل کی جنگ کو 47 سال سے جاری تنازع کا تسلسل قرار دیا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مائیک والٹز نے کہا کہ صدر ٹرمپ پرعزم ہیں کہ ایران جوہری ہتھیار ہرگز حاصل نہ کر سکے، ان کی تمام تر توجہ اس پر مرکوز ہے کہ ایران جوہری ہتھیاروں کی مدد سے دنیا بالخصوص آبنائے ہرمز کو یرغمال نہیں بنا سکے۔واضح رہے کہ ایران اس بات کی تردید کرتا رہا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی