i بین اقوامی

امریکہ ،مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران ایئرپورٹ پر ٹرک اور کھمبے سے ٹکرا گیا،طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا،تمام مسافر محفوظ رہےتازترین

May 04, 2026

امریکہ میںنیوآرک ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران یونائیٹڈ ایئر لائنز کا مسافر طیارہ شاہراہ پر موجود بجلی کے کھمبے اور ٹرک سے ٹکرا گیا۔ اس غیر معمولی حادثے میں طیارہ بحفاظت لینڈ کر گیا اور تمام مسافر محفوظ رہے، تاہم حکام نے واقعے کی اعلی سطح پر تحقیقات شروع کر دیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فلائٹ نمبر 169 وینس، اٹلی سے نیوارک لبرٹی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ رہی تھی۔طیارہ جب اپنی منزل کے قریب تھا تو اس کا نچلا حصہ اور ٹائر نیو جرسی ٹرن پائیک نامی شاہراہ پر موجود ایک بجلی کے کھمبے اور ٹریلر سے ٹکرا گئے۔فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ نے اس حوالے سے تصدیق کی ہے کہ یہ طیارہ بوئنگ 767-400 ماڈل کا تھا اور ٹکر کے باوجود پائلٹ اسے رن وے پر بحفاظت اتارنے میں کامیاب رہا۔ خوش قسمتی سے طیارے میں سوار کسی بھی مسافر یا عملے کے رکن کو کوئی چوٹ نہیں آئی، البتہ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔

یونائیٹڈ ایئر لائنز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کی تکنیکی ٹیم جہاز کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لے رہی ہے اور حفاظتی پروٹوکول کے تحت متعلقہ پرواز کے عملے کو فی الحال ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی شفاف تحقیقات کی جا سکیں۔اس حادثے کے نتیجے میں ٹریلر کا ڈرائیور معمولی زخمی ہوا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے فارغ کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق جہاز سے ٹکرانے والا بجلی کا کھمبا وہاں سے گزرنے والی ایک جیپ پر بھی گرا جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ ایئرپورٹ حکام نے رن وے کی صفائی اور ملبے کی جانچ پڑتال کے بعد پروازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ دوبارہ بحال کر دیا ہے۔نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور وفاقی حکام نے اس معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ تحقیقاتی ادارے کے اہلکار نیوارک پہنچی گے ہیں تاکہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں یونائیٹڈ ایئر لائنز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ طیارے کا کاک پٹ وائس ریکارڈر اور فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر حکام کے حوالے کرے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی