i بین اقوامی

امریکی اور اسرائیلی حملوں سے ملک کو تقریبا 270 ارب ڈالرز کا نقصان ہوا، ایران حکومتتازترین

April 14, 2026

ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے نتیجے میں ملک کو پہنچنے والے نقصان کا تخمینہ تقریبا 270 ارب ڈالرز لگایا گیا ہے۔ روسی خبر رساں ایجنسی آر آئی اے نووستی سے گفتگو میں فاطمہ مہاجرانی نے واضح کیا کہ یہ تخمینہ براہ راست اور بلواسطہ طور پر پہنچنے والے مجموعی نقصان کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایک اہم معاملہ، جس پر ہماری مذاکراتی ٹیم کام کر رہی ہے، اور جسے اسلام آباد میں ہونے والی بات چیت کے دوران بھی اٹھایا گیا، وہ جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کے ازالے کا ہے۔جنگ کے دوران پہنچائے گئے نقصان کا ازالہ امریکہ کے ساتھ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی 10 ایرانی شرائط میں شامل تھا۔اس دوران اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام خط میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین اور کویت سے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ میں ایران کے سفیر نے ایرانی بندرگاہوں پر امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی ناکہ بندی کو ایران کی خود مختاری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نام اپنے خط میں امیر سعید ایروانی نے کہا کہ یہ غیر قانونی ناکہ بندی بین الاقوامی سمندری قوانین کے بنیادی اصولوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ قبل ازیں اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی کا احترام کریں۔ عالمی تیل کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز ایک نہایت اہم آبی گزرگاہ ہے۔ پاکستان میں ہونے والے امریکہ ایران مذاکرات بے نتیجہ رہنے کے بعد امریکی فوج نے پیر کے روز ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر دی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی