i بین اقوامی

اسرائیل کے رات گئے لبنان پر شدید حملے، دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دئیے، 6 شہری جاں بحقتازترین

March 12, 2026

اسرائیل نے رات گئے لبنان پر شدید حملے کیے جس کی وجہ سے اب تک 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے رات گئے لبنان پر شدید حملے کیے، جس کے نتیجے میں آگ لگنے کے بعد دھواں اٹھتا دکھائی دیا جبکہ اسرائیلی حملوں میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔دوسری جانب لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے العصف المکول کے نام سے فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر دیا۔اسرائیلی ذرائع کے مطابق لبنان سے اسرائیل پر موجودہ حملے میں تقریبا 100 راکٹ فائر کئے گئے ہیں جن میں سے بعض کو اسرائیلی دفاعی نظام نے روک لیا۔رپورٹس کے مطابق ایران اور جنوبی لبنان سے اسرائیل پر بیک وقت راکٹ حملے کئے گئے جس کے بعد اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ نے شمالی علاقوں کے رہائشیوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایت جاری کی۔عبرانی میڈیا کے مطابق شمالی اسرائیل کے ایک علاقے میں ایک عمارت کو نقصان پہنچا ہے جبکہ کریات شمونہ، حیفہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، اسی دوران شمالی اور وسطی اسرائیل میں بار بار خطرے کے سائرن بھی بجتے رہے۔

اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے اور چینل کان کے مطابق حزب اللہ نے الجلیل کے علاقے کی جانب درجنوں راکٹ فائر کئے جن میں سے متعدد کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ ادھر اسرائیل کی لبنان میں دہشت گردی سے 634 شہری جاں بحق اور 8 لاکھ افراد بے گھر ہو گئے۔لبنان کے وزیر صحت رکان ناصر الدین کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست کے مطابق حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان جنگ کے تقریبا دس دنوں کے دوران مرنے والوں میں 91 بچے اور 47 خواتین شامل ہیں، انہوں نے 1500 سے زیادہ افراد کے زخمی ہونے کا بھی اعلان کیا۔سماجی امور کی وزیر حنین السید نے ناصر الدین کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنگ کے نتیجے میں سرکاری طور پر رجسٹرڈ بے گھر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 8 لاکھ 16 ہزار ہو گئی ہے، ان بے گھر ہونے والے افراد میں سے ایک لاکھ 26 ہزار پناہ گاہوں میں موجود ہیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں اور ڈرونز کے جنوبی لبنان اور مشرقی لبنان کے متعدد علاقوں میں حملے جاری ہیں، اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے قصبوں بیت یاحون، کونین، قبریخا، طیر حرفا، مجدل زون، کفرا اور یاطر پر بمباری کی، اسی طرح دو اسرائیلی ڈرونز نے حناویہ اور حارص نام کے قصبوں میں دو موٹر سائیکلوں کو نشانہ بنایا۔لبنان کی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق ایک اسرائیلی ڈرون نے مشرقی لبنان میں مغربی بعلبک کے علاقے بودای کے مضافات میں الضلیل کے مقام پر ایک چھوٹی مال بردار گاڑی کو نشانہ بنایا جس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسی سلسلے میں اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے قصبوں مطریہ الشومر، الخرایب، ارزی، الزراریہ، مزرعہ الواسطہ اور مزرعہ جمجم کے رہائشیوں کو فوری انخلا کا حکم دے دیا۔اسرائیلی جنگی طیاروں نے تولین اور قبریخا کے قصبوں پر بھی مزید حملے کردیے، زبقین پر دو حملے کیے، اس قصبے کے مضافات میں اسرائیلی توپ خانے سے شدید گولہ باری کی گئی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی