i بین اقوامی

اسرائیلی حکومت ٹرمپ کے ایران سے جنگ بندی کے اعلان پر حیرت زدہتازترین

April 08, 2026

اسرائیلی حکومت امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے جنگ بندی کے اعلان پر حیرت زدہ رہ گئی،اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے ساتھ مجوزہ جنگ بندی میں لبنان شامل نہیں ہوگا جبکہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیوں میں لبنان میں تازہ حملے میں 8 شہری شہید، 22 زخمی ہوگئے۔غیرملکی میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف حملے دو ہفتوں کیلئے معطل کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم یہ فیصلہ چند شرائط سے مشروط ہے، ایران کو فوری طور پر آبنائے ہرمز کھولنا ہوگا اور امریکا، اسرائیل اور خطے کے دیگر ممالک پر حملے روکنا ہوں گے۔اسرائیلی حکام نے واضح کیا کہ یہ دو ہفتوں کی جنگ بندی صرف ایران تک محدود ہے اور اس میں لبنان شامل نہیں ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لبنان کے محاذ پر کشیدگی برقرار رہ سکتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل امریکا کی ان کوششوں کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد ایران کو جوہری، میزائل اور دہشت گردی کے خطرات سے روکنا ہے، اسرائیلی موقف کے مطابق ایران کو خطے میں سکیورٹی خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔ ایران کی جانب سے اس بیان پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ لبنان کو جنگ بندی سے باہر رکھنے سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔ ادھر اسرائیلی حکومت امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران سے جنگ بندی کے اعلان پر حیرت زدہ رہ گئی۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کی تہذیب اجڑنے کیلئے شادیانے بجانے کی تیاری کرنے والوں کے خواب ٹوٹ گئے۔اسرائیلی اہلکار نے کہا کہ ہم ٹرمپ کے فیصلے سے حیران تھے، ہمیں آخری لمحات میں اپ ڈیٹس موصول ہوئیں، سب کچھ پہلے سے ہی طے شدہ لگتا تھا۔ اسرائیلی صحافی زیو روبنسٹین نے کہا کہ یہ تسلیم کرنا ضروری ہے کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے بعد کوئی جنگ دوبارہ شروع نہیں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے اور سچ جانتی ہے، دنیا کے تمام F-35 تیل کے ایک بیرل کی قیمت پر نہیں جیت پائیں گے۔زیو روبنسٹین کا مزید کہنا تھا کہ ایران نامی تہذیب ٹرمپ سے 1500 سال پہلے موجود تھی اور اس کے بعد بھی 1500 سال باقی رہے گی۔ دوسری جانب جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی وحشیانہ کارروائیاں جاری ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق لبنان میں تازہ اسرائیلی حملے میں 8 شہری شہید، 22 زخمی ہوگئے۔اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر صور میں رہنے والے لوگوں کے لیے انخلا کا نیا حکم نامہ جاری کیا ہے۔اسرائیلی فوج نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اپنے گھر فوری طور پر خالی کریں اور اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے دریائے زہرانی کے شمال میں چلے جائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی