i بین اقوامی

غزہ ، اسرائیل کی جنگ بندی خلاف ورزیاں جاری، تازہ حملے میں 2 بچوں سمیت 11 فلسطینی شہیدتازترین

April 15, 2026

حماس کے ساتھ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزیاں جاری ہیں جس میں اسرائیل کے غزہ پٹی میں تازہ حملے کے نتیجے می 11 فلسطینی شہید ہوگئے۔غزہ کی سول ڈیفنس اتھارٹی اور خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق شمالی غزہ میں ہونے والے حملوں میں 3 اور 14 سال کے دو بچے شہید ہوگئے۔غزہ کی سول ڈیفنس کے ترجمان محمود بصل کے مطابق غزہ سٹی میں ایک پولیس گاڑی کو نشانہ بنانے والے حملے میں 4 افراد شہید ہوئے جن میں ایک 3 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔غزہ کی وزارت داخلہ نے بھی تصدیق کی کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے شہر کے مرکز میں پولیس گاڑی پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے جب کہ پولیس اہلکار کے بھی شہید ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

اس کے علاوہ شمالی علاقے بیت لاہیا میں اسرائیلی فورس کی فائرنگ سے ایک اور شہری شہید ہوا، بعد ازاں شام کے وقت غزہ سٹی کے شاطی پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک چوک پر اسرائیلی ڈرون حملے میں کئی افراد نشانہ بنے۔غزہ کے الشفا اسپتال کے مطابق شاطی کیمپ میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 5لاشیں اسپتال منتقل کی گئیں۔واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2025 سے جاری جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی حملے مسلسل جاری ہیں، اور اب تک تقریبا 760 فلسطینی اس دوران شہید ہوچکے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں مجموعی طور پر 72 ہزار 336 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 111 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی