خدمت صرف عمل کا نام نہیں، یہ ایک احساس ہے۔ دوسروں کی بھلائی کے لیے خود کو وقف کر دینے کا جذبہ، حج جیسے عظیم اور روحانی موقع پر جب لاکھوں مسلمان دنیا بھر سے بیت اللہ کا رخ کرتے ہیں، تب ان کی سہولت، رہنمائی اور حفاظت کے لیے جو ہاتھ بڑھتے ہیں، وہ محض فرائض کی انجام دہی نہیں کر رہے ہوتے بلکہ عقیدت، ایثار اور محبت سے لبریز دلوں کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں۔ایسا ہی جذبہ لیے ہوئے سعودی عرب کے چھ جڑواں نوجوان اس سال حج 2025 کے موقع پر عازمین کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔ یہ نوجوان نہ صرف رضاکارانہ خدمات انجام دے رہے ہیں بلکہ اسکاٹنگ کو اپنی زندگی کا راستہ سمجھ کر انسانیت کی خدمت کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کے لیے یہ خدمات ایک عارضی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مستقل مشن اور قومی فرض کی تکمیل ہے۔غیر ملکی زرائع ابلاغ کے مطابق یہ نوجوان پبلک سروس کیمپس کے زیرِ اہتمام کام کر رہے ہیں اور سول ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے اسکاٹ گروپ سے وابستہ ہیں۔
ان کا مقصد نہ صرف عازمینِ حج کو سہولیات فراہم کرنا ہے بلکہ عوامی خدمت کو اپنی زندگی کا مشن بنانا بھی ہے۔یہ تمام نوجوان نہ صرف خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں بلکہ اسکاٹنگ کو ایک طرزِ زندگی کے طور پر اپنائے ہوئے ہیں۔حسام اور اسام نے کہا، ہمارے لیے اسکاٹنگ صرف ایک سرگرمی نہیں بلکہ زندگی کا راستہ ہے۔ ہم اپنے ملک سے محبت کے جذبے کے تحت عازمینِ حج کی خدمت میں مصروف ہیں۔عزام اور عمار نے اپنے تجربات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، حج کے موقع پر خدمات کے ذریعے ہم نے آپس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنایا ہے۔ یہ کام ہمیں باہمی احترام اور تعاون سکھاتا ہے۔ولید اور مہند عبدالحکیم نے اس موقع پر بتایا، ہم نہ صرف عازمین کو سہولیات فراہم کر رہے ہیں بلکہ یہ بھی سیکھ رہے ہیں کہ ہجوم کو کیسے مثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ یہ تجربہ ہمارے لیے تربیتی موقع بھی ہے۔یہ جڑواں نوجوان اسکاٹس حج کے دوران نہ صرف عازمین کی رہنمائی کرتے ہیں بلکہ ان کی سیکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی یہ خدمات ایثار و محبت و قربانی کے جذبے کی روشن مثال ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی