کیوبا میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ، جہاں گزشتہ روز پاور سسٹم کی بحالی کی کوششوں کے دوران قومی الیکٹریکل گرڈ ایک بار پھر دھڑام سے نیچے آ گر ا۔ اس نئے حادثے کے بعد تقریبا ایک کروڑ کی آبادی پر مشتمل پورا جزیرہ مسلسل تاریکی کے آغوش میں چلا گیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق، بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کا یہ واقعہ اتوار و پیر کی درمیانی رات دیر گئے ہونے والے ملک گیر بلیک آئو ٹ کے بعد سامنے آیا۔ سرکاری بجلی کمپنی 'یو این ای ‘‘نے ایک بیان میں بتایا کہ خرابی کے دوران خراب موسم کی وجہ سے ٹرانسمیشن نیٹ ورک متاثر ہوا، جس سے بحال ہونے والے پاور جنریٹنگ یونٹس بھی اچانک بند ہو گئے۔ کیوبا کی حکومت کا کہنا ہے کہ دہائیوں پرانی امریکی پابندیوں اور تجارتی رکاوٹوں کی وجہ سے انہیں ایندھن اور پاور ہائوسز کے لئے پرزہ جات حاصل کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب امریکی حکام کا موقف ہے کہ یہ بحران کیوبا کے اپنے ناکام معاشی ماڈل کا نتیجہ ہے۔ مسلسل اور طویل بلیک آئوٹ نے نہ صرف کاروباری اور عوامی زندگی کو مفلوج کر دیا ہے بلکہ شدید گرمی کے باعث عوام راتیں کھلے آسمان تلے گزارنے پر مجبور ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی