i بین اقوامی

ہمارے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف، اسرائیل سے انتقام لیں گے، ایرانی صدرتازترین

June 13, 2025

ایران کے صدر پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ایرانی صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیل نے رات کے اندھیرے میں ہمارے وطن پر جارحیت کی جس کے نتیجے میں ہمارے متعدد شہری، فوجی جنرل اور سائنسدان شہید ہوئے اور یہ بات بھی ثابت ہوگئی کہ ایک پاگل جانور کی طرح بین الاقوامی حقوق کے دعوے داروں کی نظروں کے سامنے بے شرمی کے ساتھ حملے کئے ۔انہوں نے کہا کہ ایران نے گزشتہ 200 سال میں کبھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، انتقام اور دفاع ہمارا قانونی اور جائز حق ہے، وطن کے دفاع میں نہ پہلے کبھی ہچکچاہٹ کی اور نہ آئندہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم عالمی سطح پر اپنی عزت اور وجود کا دفاع کریں گے لیکن عالمی اداروں کے منتظر بیٹھے نہیں رہیں گے اور باذن اللہ انتقام کا لمحہ قریب اور صیہونیوں کی رگ گردن سے زیادہ قریب ہے۔صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ یہ ایک قوم اور ایک حکومت کی آواز ہے جو دنیا کو گواہ ٹھہرا رہی ہے کہ ہم نے جنگ کا آغاز نہیں کیا لیکن کہانی کا اختتام ایران کے ہاتھوں لکھا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی