i بین اقوامی

روس کے پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے یوکرینی دارالحکومت کیف 30 سے زائد دھماکوں سے گونج اٹھا، ہنگامی صورتحال ،15افراد ہلاک ،27زخمیتازترین

August 05, 2026

روسی افواج نے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائلوں کے متعدد حملے کئے جس کے بعد شہر 30 سے زائد دھماکوں سے گونج اٹھا اور ہنگامی صورتحال پیدا ہوگئی،کم سے کم15افراد ہلاک او ر27 زخمی ہوگئے ۔غیر ملکی خبررساں ا دارے کے مطابق کیف پر روسی حملے میں 15افرادہلاک اور 27 زخمی ہوئے ہیں، کیف کے میئر کے مطابق متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا بھی خدشہ ہے۔کیف کے میئر کے مطابق حملے سے تباہ ہونے والے ایک ویئر ہاس کے ملبے میں سرچ اینڈ ریسکیو کا عمل جاری ہے۔یوکرینی فضائیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات روس کی جانب سے داغے گئے میزائلوں میں سے کوئی میزائل بھی روکا نہ جاسکا، روس نے گزشتہ رات بیلسٹک میزائلوں سمیت 28 تیز رفتار میزائل اور 115ڈرون داغے۔ روسی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکوں کے بعد فضائی حملے کے سائرن شہر اور اس کے مضافات میں گونج اٹھے۔روسی میڈیا کے مطابق روسی فوج حملوں کے لیے انتہائی جدید اور عین ہدف پر لگنے والے میزائل اور ڈرونز استعمال کرتی ہے جنہیں یوکرین کا میزائل دفاعی نظام روکنے میں ناکام رہتا ہے۔

ادھر کیف کی فوجی انتظامیہ کے مطابق حملوں کے نتیجے میں دو اضلاع میں گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ حکام نے خبردار کیا ہے کہ مزید حملوں کا خطرہ بدستور موجود ہے۔حکام نے بتایا کہ شہر کے شمالی مضافاتی علاقے میں میزائل گرنے کے بعد ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں جبکہ فضائی دفاعی نظام نے حملوں کو ناکام بنانے کے لئے کارروائی کی۔یوکرینی فضائیہ کے مطابق روس نے کم از کم دو مختلف سمتوں سے بیلسٹک میزائل داغے جن کا ہدف 30 لاکھ آبادی والا دارالحکومت کیف تھا۔واضح رہے کہ تقریبا ساڑھے چار سال سے جاری جنگ کے دوران دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر حملوں کی شدت اور دائرہ کار میں اضافہ کر دیا ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی