سعودی عرب کے محکمہ سول ڈیفنس نے الخرج گورنریٹ میں رہنے والے شہریوں اور غیر ملکی باشندوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کرتے ہوئے محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔سعودی سول ڈیفنس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر تمام افراد سرکاری ہدایات اور حفاظتی اقدامات پر مکمل عمل کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔سول ڈیفنس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں کی بالکونیوں، چھتوں اور کھلی جگہوں پر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے سے گریز کریں۔ حکام کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنا عوامی سلامتی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری اور غیر ملکی رہائشی کسی بھی واقعے یا سرگرمی کی ویڈیوز اور تصاویر بنانے سے اجتناب کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔سعودی سول ڈیفنس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے دور رہیں، متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ عوامی تعاون اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد سے ممکنہ خطرات سے موثر انداز میں نمٹا جا سکتا ہے۔دوسری جانب مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایران، عراق اور شام نے اپنی فضائی حدود میں پابندیاں عائد کر دی ہیں، جبکہ دمشق ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیارپورٹس کے مطابق ایران نے اپنے مغربی علاقوں کی فضائی حدود غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیں۔ عراق نے بھی حفاظتی اقدامات کے تحت اپنی فضائی حدود عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شام کی حکومت نے جنوبی فضائی حدود کو 12 گھنٹوں کے لئے بند کر دیا جبکہ دارالحکومت دمشق کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام فضائی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں۔ادھر مقبوضہ بیت المقدس میں موجود امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے اور ان کے اہل خانہ کو سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔علاقائی صورتحال میں تیزی سے تبدیلی کے باعث بین الاقوامی فضائی کمپنیوں اور مسافروں کو سفری منصوبوں کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ہدایت کی جا رہی ہے، جبکہ خطے میں مزید کشیدگی کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی