امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیموں نے صدور کی حفاظت کے لیے بڑی تبدیلیاں کر دی ہیں، اور نئی ٹیکنالوجی اور آلات استعمال کرنا شروع کر دیے ہیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سیکیورٹی ٹیم کو جدید بکتر بند گالف کارٹ فراہم کی گئی ہے، یہ اسپیشل آرمرڈ گالف کارٹ امریکی خفیہ ایجنسی نے تیار کی ہے، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ اسکاٹ لینڈ میں گالف کھیل کے دوران سیکیورٹی ٹیم نے ٹرمپ کے لیے یہی بکتر بند گاڑی استعمال کی تھی۔گالف فورس ون کے نام سے مشہور گاڑی صدارتی اسپیشل فلیٹ کا حصہ قرار دے دی گئی ہے، بکتربند گالف کارٹ پولارس رینجر ایکس کمپنی کی تیار کردہ ہے، جس پر لاگت تقریبا 1 لاکھ 90 ہزار ڈالر آئی ہے۔ دوسری طرف امریکا نے قطر سے تحفے میں ملے طیارے کو بھی بطور ایئر فورس ون اپ گریڈ کرنا شروع کر دیا ہے، جس کے لیے فنڈز نیوکلیئر پروگرام کے بجٹ سے نکالے گئے ہیں۔
ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی سیکیورٹی ٹیم جدید اینٹی ایئر کرافٹ ڈرون سے لیس کر دی گئی ہے، پیوٹن کے محافظوں کے پاس پورٹیبل ایلکا انٹرسپٹر ڈرون کی موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آئیں، 9 مئی کو فوجی پریڈ میں پیوٹن کے ذاتی محافظ جدید ڈرون شکن ٹیکنالوجی سے لیس نظر آئے تھے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلکا انٹرسپٹر ڈرون طیارہ شکن نظام کی طرز پر ڈیزائن کیا گیا ہے، ایلکا ڈرون کم بلندی پر دشمن ڈرونز سے ٹکرا کر انھیں تباہ کر دیتا ہے۔ روسی ایلکا انٹرسیپٹر کچھ عرصے سے یوکرین کے خلاف جنگ میں بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ پورٹیبل ایئر ڈیفنس سسٹم کی طرح ہے، جہاں آپریٹر کو لازمی طور پر ہدف کو اپنی نگاہوں سے فکس کرنا ہوگا اور پھر انٹرسیپٹر کو لانچ کرنا ہوگا، اسے ویڈیو میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی