i پاکستان

14 سال بعد اسلام آباد کے تھانوں کو نئی گاڑیاں مل گئیں، ہزاروں بھرتیوں کا اعلانتازترین

August 15, 2026

وفاقی دارالحکومت کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم کردی گئیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں نئی بھرتیوں کا اعلان بھی کیا گیا ہے اس سلسلے میں اسلام آباد پولیس کے تھانوں کو نئی گاڑیاں دینے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے نئی گاڑیوں کی چابیاں اسلام آباد پولیس کے حوالے کیں۔محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے۔ وقت کے مطابق پولیس ضروریات پوری کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا ۔ عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری وسائل فراہم کیے جارہے ہیں۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ وسائل کی فراہمی سے پولیس اپنی ذمہ داریاں بہتر انداز سے ادا کرسکے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے تمام تھانوں کی تعمیر اور اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور ان کے استعمال سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔وزیر مملکت طلال چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ وزیر داخلہ نے آج نئی گاڑیاں اسلام آباد کے تمام 27 تھانوں کے حوالے کردی ہیں۔ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کو بھی لاجسٹکس فراہم کئے جارہے ہیں اور ان کیلئے گھروں کی تعمیر کی جارہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام 27 تھانوں کی تعمیر اور بحالی پر بھی کام جاری ہے اور اسی سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔ وزیر مملکت نے بتایا کہ نفری کی کمی پوری کرنے کے لئے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کئے جارہے ہیں اور بھرتیوں میں میرٹ یقینی بنایا جارہا ہے۔طلال چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ ان تمام اقدامات سے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لئے ماڈل بنایا جائے گا۔ یہ ساری تبدیلی گزشتہ دو سال میں آئی ہے۔ تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلی پولیس افسران بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی