پاکستان کی 16ویں قومی اسمبلی معرض وجود میں آ گئی، نو منتخب اراکین اسمبلی نے حلف اٹھا لیا۔ 16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت سوا گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور پھر نعت رسول مقبول پیش کی گئی۔سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے سپیکر کے ڈائس کے سامنے احتجاج کیا، جس پر سپیکر نے انہیں متنبہ کیا کہ پہلے حلف لیں گے، پھر بات ہوگی۔سپیکر راجا پرویز اشرف نے نومنتخب ارکان سے حلف لیا، تاہم اس دوران ایوان میں شدید شور شرابا رہا، جس پر سپیکر اسمبلی نے اظہارِ برہمی کیا۔حلف لینے کے بعد سپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا کہ رکن اسمبلی بننے کیلئے پہلے دستخط کر لیں، پھر بات کریں گے۔حلف لینے والوں میں سابق صدر آصف علی زرداری، سابق وزیراعظم نواز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، خورشید شاہ، سردار ایاز صادق اور دیگر نو منتخب اراکین شامل ہیں۔سنی اتحاد کونسل کے عمر ایوب، بیرسٹرگوہر،علی محمد خان نے بھی حلف اٹھا لیا، استحکام پاکستان پارٹی کے علیم خان کو دستخط کرنے کیلئے بلایا گیا تو سنی اتحاد کونسل کے ارکان نے لوٹا لوٹا کے نعرے لگائے۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی حمایت میں نعرے بازی کی گئی،قومی اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے حق میں نعرے لگائے گئے۔لیگی اراکین کی جانب سے بھی نوازشریف کی آمد پر نعرے بازی کی گئی، لیگی ارکان نے شیر آیا، شیر آیا کے نعرے لگائے، مہمانوں کی گیلری میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز، اسحاق ڈار، مریم اورنگزیب اور آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی