i پاکستان

1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، وزیراعظمتازترین

April 10, 2026

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے، پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے اپنی ترقی وخوشحالی کاسفر جاری رکھے گا۔۔ یوم دستور کی مناسبت سے اپنے پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ آج ہم آئین اسلامی جمہوریہ پاکستان کی منظوری کا دن قومی جذبے سے منارہے ہیں، ہم دستور کے معماروں کو خصوصی خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے مابین مقدس معاہدے کا نام ہے، آئین عوام اور ریاست کے حقوق و فرائض کا قانونی، اخلاقی اور انتظامی تعین کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 10اپریل1973کو منظور متفقہ آئین نے پارلیمانی جمہوری نظام حکومت کی بنیاد رکھی، 1973کا آئین پاکستان تمام شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا محافظ ہے اور یہ آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی درخشندہ علامت ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق کی تمام ریاستی اکائیاں قومی یگانگت اور معاشی ترقی کے لیے اپنا کردار سرانجام دے رہی ہیں، تمام ریاستی اکائیاں تابندہ مستقبل کے لیے کام کرنے کے لیے پر عزم ہیں، اللہ نے پاکستان کو جس عزت سے نوازا اس کیلئے ہمارے سر اس کے آگے سربسجود ہیں، پاکستان اقوام عالم میں اپنا سر فخر سے بلند کئے اپنی ترقی وخوشحالی کاسفر جاری رکھے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی