26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی عدالت نے بشری بی بی کے خلاف تمام مقدمات کے چالان طلب کرلئے۔جج امجد علی شاہ کے روبرو بشری بی بی کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے 12 کیسز کی سماعت ہوئی، جس میں بشری بی بی کی عدالتی روبکار سے حاضری لگائی گئی۔عدالت نے آئندہ تاریخ پر پولیس سے تمام مقدمات کے چالان طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 10 جولائی تک ملتوی کردی۔عدالت نے بشری بی بی کی 26 نومبر احتجاج کیسز میں عبوری ضمانت میں بھی توسیع کردی اور آئندہ تاریخ پر فریقین کے وکلا کو دلائل پیش کرنے کا حکم دیا۔دوسری جانب راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ اور 9 مئی مقدمات کے کیسز کی سماعت بھی 3 جولائی تک ملتوی کردی ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو جی ایچ کیو حملہ کیس اور سانحہ 9 مئی کے دیگر مقدمات کی سماعت ہوئی تاہم کوئی کارروائی نہیں ہو سکی۔سماعت کے موقع پر شیخ رشید، زرتاج گل، راجا بشارت، ایمان طاہر عدالت میں پیش ہوئے۔بعد ازاں عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 3 جولائی تک ملتوی کردی۔ آج مقدمے کا جیل ٹرائل نہیں ہو سکا۔ عدالت نے کہا کہ آئندہ سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی۔سانحہ 9 مئی کے دیگر 11 کیسز میں بھی کوئی کارروائی نہیں ہو سکی اور عدالت نے ان مقدمات کی سماعت بھی 3 جولائی تک ملتوی کردی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی